روہڑی:سیاہ کاری کے الزام میں بھائی نے بہن کو قتل کر دیا

 روہڑی:سیاہ کاری کے الزام میں بھائی نے بہن کو قتل کر دیا

روہڑی،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) روہڑی کے نواحی علاقے گوٹھ اللہ ڈتو میں بھائی نے اپنی بہن کو مبینہ سیاہ کاری کے الزام میں فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔

 پولیس کے مطابق مقتولہ صابراں کو اُس کے بھائی صابر علی آرائیں نے اس وقت نشانہ بنایا جب وہ صاحب ڈنو گھوٹو سے بات کر رہی تھی۔ ایس ایس پی سکھر کے نوٹس کے بعد پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق قتل کا سبب موبائل فون پر بات چیت کو سیاہ کاری قرار دیا گیا۔ کندھ کوٹ میں تھانہ بخشاپور کی حدود میں چھنکو اسٹاپ کے مقام پر مسلح افراد نے ایک کار کو روکنے کی کوشش کی، نہ روکنے پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ٹیکسی ڈرائیور طفیل ڈومکی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

مسلح افراد فرار ہو گئے۔ شہدادپور میں شاہپور چاکر روڈ پر واقع گاؤں احمد بگھیو میں دو بچوں کی ماں 20 سالہ اسطو زوجہ جمیل کولھی نے مبینہ طور پر پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔ شوہر جمیل کولھی کے مطابق واقعے کی کوئی خاص وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ پولیس نے لاش کو اسپتال منتقل کر کے ضابطے کی کارروائی مکمل کی۔ میرپورخاص میں 17 سالہ نئی نویلی دلہن فضاء جٹ نے اپنے شوہر اور سسرالی رشتہ داروں پر شادی کے بعد سے بدترین تشدد کا الزام عائد کیا ہے ۔ مظلومہ کا کہنا ہے کہ اُس کے شوہر نعیم وڑائچ، ماموں، مامی اور خالہ نے اُس پر شدید تشدد کیا، اُس کے سر کے بال کاٹے اور جان سے مارنے کی کوشش کی۔ فضا بڑی مشکل سے جان بچا کر ٹنڈوالیار سے میرپورخاص پہنچی اور صحافیوں کے سامنے انصاف کی اپیل کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں