ندی میں ڈوبنے ،دیوار کے ملبے تلے دبنے سے 4 افراد چل بسے
واقعات اوتھل، پڈعیدن اور محراب پور کے قریب پیش آئے ، لاشیں ورثا کے سپردہالانی میں باپ سے ناراض نوجوان، گاؤں فقیر بلو بھٹی میں شادی شدہ خاتون کی خودکشی
کشمور، پڈعیدن، محراب، (نمائندگان دنیا) اندرون سندھ مختلف واقعات میں 4 افراد جاں جاں بحق، خاتون اور 14 سالہ نوجوان نے خودکشی کرلی۔ کشمور میں کچی کینال کی 5 نمبر شاخ میں ڈوب کر 2 بچے جاں بحق ہو گئے، جن کی شناخت 12 سالہ عزیز ولد کرم خان ہوتکانی اور 10 سالہ میرحاجی ولد میاں خان ہوتکانی کے نام سے ہوئی۔ لسبیلہ سے نمائندے کے مطابق اوتھل نانی مندر کے قریب ترکوں ندی میں 35 سالہ وکاش ولد وکی لعل ڈوب گیا۔ایدھی بحری خدمات کی ٹیم نے ریسکیو آپریشن کرکے لاش نکال کر سول اسپتال اوتھل منتقل کردی۔ پڈعیدن اور محراب پور کے قریب یونین کونسل چیھو کے گاؤں برکت سیالکوٹی میں دیوار کے نیچے دب کر 39 سالہ مزدور صحبت خاصخیلی ولد محمد آچر جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق لاش کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی۔
ہالانی شہر کے میمن محلہ میں 14 سالہ محسن علی میمن نے رشتہ داروں کے گھر جانے سے منع کرنے پر والد عرفان میمن سے ناراض ہوکر زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی۔ پولیس نے لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی۔ جھڈو کے نواحی گاؤن فقیر بلو بھٹی کے رہائشی راکشی کولہی کی 28 سالہ بیوی، دو بچوں کی ماں سویتا کولہی نے معاشی پریشانی سے تنگ آکر خودکشی کرلی۔ جھڈو پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر رورل ہیلتھ سینٹر جھڈو پہنچایا ، جہاں پوسٹ مارٹم کی سہولت موجود نہ ہونے پر لاش ڈگری اسپتال منتقل کردی گئی۔