چڑیا گھر مرحلہ وار ختم کرنے کے سلسلے میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے صوبہ بھر کے چڑیا گھروں کو مرحلہ وار ختم کرنے کے سلسلے میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی ہے۔ سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے کراچی چڑیا گھر سے مادہ ریچھ رانو کی اسلام آباد منتقلی سے متعلق درخواست کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔
تحریری حکم نامے میں قرار دیا گیا کہ عدالتی احکامات کے مطابق مادہ ریچھ رانو کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے تاہم عدالت نے درخواست کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے تمام جانوروں کی فلاح و بہبود کو مقدمہ کا حصہ بنایا ہے تاکہ صوبے میں موجود دیگر چڑیا گھروں کی صورتحال کا بھی ازسرِ نو جائزہ لیا جا سکے ۔ تحریری حکم نامے کے مطابق عدالت نے چڑیا گھروں کے مرحلہ وار خاتمے سے متعلق تجاویز طلب کی ہیں۔ کنزرویٹر وائلڈ لائف جاوید مہر نے سماعت کے دوران ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کی تشکیل کی تجویز پیش کی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ کمیٹی میں میونسپل کمشنر کراچی، سیکریٹری وائلڈ لائف، کنزرویٹر وائلڈ لائف اور سینئر ڈائریکٹر زو شامل ہوں گے ۔