الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت تقریبات کا انعقاد
یتیموں کی کفالت کا حکم ہمارے دین نے ہمیں دیا ، مقررین کا اظہار خیال
کراچی(پ ر)الخدمت آر فن کیئرپروگرام کے تحت بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم ولادت پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔آرفن کیئرپروگرام کے تحت یہ تقریبا ت ملیر، لیاری، نارتھ کراچی، قائدین، سینٹرل، کورنگی، گڈاپ ،ویسٹ ، کیماڑی ویسٹ اور دیگر کلسٹرز میں منعقد کی گئیں۔اس موقع پر’’قائد اعظم کی لیڈرشپ ‘‘کے عنوان سے بچوں کے درمیان تقریری مقابلہ منعقد کیا گیا۔مختلف ٹرینرز نے بانی پاکستان قائداعظم محمد جنا ح کی زندگی ،ان کی لیڈرشپ اوران کی ملک کیلئے جدوجہد سے متعلق نہایت مفید معلومات فراہم کیں ۔ کلیسٹرز کی تقریبات میں بچوں کے آداب اور اخلاق کے حوالے سے بھی تربیتی نشست کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقع پر بچوں کے لیے مقابلہ مصوری کا بھی اہتمام کیا گیا ۔تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ الخدمت بچوں کی کفالت کی اہم ذمہ داری کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت کا بھی فریضہ انجام دے رہی ہے ،یہ اقدام قابل تعریف ہے ۔ یتیموں کی کفالت کا حکم ہمارے دین نے ہمیں دیا ہے اور الخدمت دین کے احکام پر عمل کر رہی ہے ۔پورے معاشرے کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ یتیم بچوں کی کفالت میں آگے آئے اور الخدمت کا ساتھ دے ، یہی باہمت یتیم بچے ملک وقوم کا روشن مستقبل ثابت ہوں گے ۔