قائداعظم کی جائے پیدائش پر پروقار تقریب کا انعقاد
آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کی تقر یب میں پرچم کشائی، کیک بھی کاٹا گیا ترقی اور خوشحالی قائداعظم کے سنہری اصولوں پر عمل کیے بغیر ممکن نہیں،مقررین
کراچی (این این آئی)وزیر مینشن کھارادر میں واقع قائداعظم محمد علی جناح کی جائے پیدائش پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے دوران پرچم کشائی کی گئی اور قائداعظم محمد علی جناح کی 149ویں سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹا گیا۔ تقریب میں تاجر رہنماؤں، سماجی شخصیات، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور معروف پاکستانی کرکٹر شعیب محمد نے شرکت کی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے ۔ تقریب میں آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین یعقوب بالی، چیئرمین زاہد امین، جنرل سیکریٹری محمد احمد شمسی سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔اس موقع پر مہمان خصوصی محمد شعیب نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ آج قائداعظم محمد علی جناح کی جائے پیدائش پر بطور مہمان خصوصی موجود ہونا میرے لیے اعزاز کی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی جدوجہد کی بدولت آج ہم ایک آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی قائداعظم کے سنہری اصولوں پر عمل کیے بغیر ممکن نہیں۔ تقریب سے تاجر رہنماؤں زاہد امین، محمد احمد شمسی، یعقوب بالی، منیر حسین خیال اور دیگر نے قائداعظم محمد علی جناح کی عظیم شخصیت اور خدمات پر روشنی ڈالی۔ آخر میں کیک کاٹا گیا اور پرچم کشائی کی گئی۔