ترقی کیلئے عوام دوست پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر،سنی تحریک
قومی وسائل کے منصفانہ استعمال کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتاملک و قوم کے مفاد میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتے رہیں گے ،بلال قادری
کراچی(اسٹاف رپورٹر)مرکزی صدر پاکستان سنی تحریک صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری نے بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی عوام نے ملک کی تعمیر و ترقی، استحکام اور بقاء کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔عوام نے ہر مشکل وقت میں صبر، حوصلے اور قربانی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے ، جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔عوام کی یہی قربانیاں اس بات کی متقاضی ہیں کہ حکمران طبقہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح بنائے ۔بلال عباس قادری کا کہنا تھا کہ عوام دوست پالیسیوں کے تسلسل سے ہی پاکستان ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن ہو سکتا ہے ۔اگر حکمران طبقہ خلوصِ نیت کے ساتھ تعلیم، صحت، روزگار،مہنگائی کے خاتمے اور معاشی انصاف پر توجہ دے تو ملک میں خوشحالی کا نیا دور شروع ہو سکتا ہے ۔بدعنوانی کے خاتمے ، میرٹ کے فروغ اور قومی وسائل کے منصفانہ استعمال کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ حکومتی فیصلوں میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جائے ۔مرکزی صدر پاکستان سنی تحریک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان سنی تحریک ملک و قوم کے مفاد میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتی رہے گی اور ہر اس اقدام کی حمایت کرے گی جو عوام کی فلاح، قومی یکجہتی اور پاکستان کی مضبوطی کا باعث بنے ۔آخر میں انہوں نے کہا کہ عوام، اداروں اور قیادت کے درمیان اعتماد اور اتحاد ہی پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نکال سکتا ہے اور یہی اتحاد پاکستان کو ایک مضبوط، خودمختار اور خوشحال ریاست بنانے کی ضمانت ہے ۔