سال 2025:انسداد دہشت گردی عدالتوں میں سزاؤں کی تعداد محدود رہی

سال 2025:انسداد  دہشت  گردی  عدالتوں  میں  سزاؤں  کی تعداد  محدود رہی

مجموعی طور پر 793 مقدمات دائر ہوئے ، 501 نمٹائے گئے ،67 میں سزائیں سنائی گئیں ، 434 مقدمات میں ملزمان بریکراچی کی بعض انسدادِ دہشت گردی عدالتوں میں دیگر عدالتوں کے مقابلے میں سزاؤں کی شرح نسبتاً زیادہ رہی،عدالتی ریکارڈ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ بھر کی انسدادِ دہشت گردی عدالتوں کے سال 2025 کے ریکارڈ کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالتوں میں نمٹائے گئے مقدمات کے مقابلے میں سزاؤں کی تعداد محدود رہی جبکہ ملزمان کی بریت کا تناسب نمایاں طور پر زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق رواں برس سندھ کی انسدادِ دہشت گردی عدالتوں میں مجموعی طور پر 793 مقدمات دائر ہوئے ، جن میں سے 501 مقدمات نمٹائے گئے ۔ ان نمٹائے گئے مقدمات میں 67 مقدمات میں سزائیں سنائی گئیں جبکہ 434 مقدمات میں ملزمان کو بری کردیا گیا۔ صوبے بھر میں انسدادِ دہشت گردی عدالتوں میں سزاؤں کی مجموعی شرح 13.37 فیصد جبکہ بریت کی شرح 86.63 فیصد رہی، جبکہ مجموعی طور پر 1325 مقدمات تاحال مختلف عدالتوں میں زیرِ التوا ہیں۔ کراچی میں قائم انسدادِ دہشت گردی کی بیس عدالتوں میں سال 2025 کے دوران مجموعی طور پر 355 مقدمات نمٹائے گئے ۔ ان مقدمات میں 46 مقدمات میں سزائیں سنائی گئیں جبکہ 309 مقدمات میں ملزمان کو بری کردیا گیا۔

اس طرح کراچی کی انسدادِ دہشت گردی عدالتوں میں سزاؤں کی مجموعی شرح 12.95 فیصد جبکہ بریت کی شرح 87.05 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق کراچی کی دس انسدادِ دہشت گردی عدالتوں میں سال 2025 کے دوران نمٹائے گئے تمام مقدمات میں 100 فیصد بریت ریکارڈ کی گئی۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق کراچی کی بعض انسدادِ دہشت گردی عدالتوں میں دیگر عدالتوں کے مقابلے میں سزاؤں کی شرح نسبتاً زیادہ رہی۔ ATC-4 کراچی میں نمٹائے گئے مقدمات میں 76.47 فیصد مقدمات میں سزائیں اور 23.53 فیصد مقدمات میں بریت ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح ATC-13 کراچی میں نمٹائے گئے مقدمات میں 62.50 فیصد میں سزائیں جبکہ 37.50 فیصد میں بریت سامنے آئی۔ ATC-15 کراچی میں 33.33 فیصد مقدمات میں سزائیں اور 66.67 فیصد میں بریت ریکارڈ کی گئی، جبکہ ATC-18 کراچی میں 28.57 فیصد مقدمات میں سزائیں اور 71.43 فیصد مقدمات میں بریت ہوئی۔ ATC-6 کراچی میں نمٹائے گئے مقدمات میں 25.00 فیصد میں سزائیں اور 75.00 فیصد میں بریت، ATC-12 کراچی میں 23.08 فیصد میں سزائیں اور 76.92 فیصد میں بریت، ATC-9 کراچی میں 22.22 فیصد میں سزائیں اور 77.78 فیصد میں بریت جبکہ ATC-8 کراچی میں 16.67 فیصد مقدمات میں سزائیں اور 83.33 فیصد مقدمات میں بریت ریکارڈ کی گئی۔ ATC-12 کراچی میں 77 مقدمات، ATC-5 کراچی میں 52 مقدمات، ATC-10 کراچی میں 47 مقدمات، ATC-4 کراچی میں 43 مقدمات، ATC-15 کراچی میں 38 مقدمات  تاحال زیرِ سماعت ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں