سہراب گوٹھ :گھر سے خاتون اور3بچوں کی پھندا لگی لاشیں برآمد
جاں بحق افراد کی شناخت 35 سالہ فاطمہ، 11 سالہ سونم، 3 سالہ آرزو اور 2 سالہ ارمان کے نام سے ہوئی ،وزیرداخلہ کا نوٹسمرنے والی خاتون کا تعلق افغانستان ،شوہر نجیب اللہ کا تعلق لیہ سے ہے ،میاں بیوی میں اکثر جھگڑے ہوتے تھے ،علاقہ مکین
کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) شہر قائد کے علاقے سہراب گوٹھ گنا منڈی کے قریب ایک گھر سے چار افراد کی لاشیں برآمد ہونے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے ۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون اور اس کے تین بچے شامل ہیں، جبکہ چاروں لاشیں گھر کے اندر پھندے سے لٹکی ہوئی حالت میں ملی ہیں، جاں بحق افراد کی شناخت 35 سالہ فاطمہ، 11 سالہ سونم، 3 سالہ آرزو اور 2 سالہ ارمان کے نام سے کی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے پر سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے ۔وزیر داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے کر ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے ۔پولیس کے مطابق خاتون کے شوہر نجیب اللہ سے تفتیش جاری ہے ، مرنے والی خاتون کا تعلق افغانستان سے ہے جبکہ شوہر نجیب اللہ کا تعلق لیہ سے ہے۔
نجیب اللہ سبزی منڈی میں کام کرتا ہے اور اس نے افغان خاتون سے دوسری شادی کی تھی۔ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ابتدائی طور پر واقعے کو خودکشی قرار دیا جا رہا ہے تاہم حتمی نتیجہ پوسٹ مارٹم، فارنزک رپورٹ اور شواہد کے مکمل تجزیے کے بعد ہی سامنے آئے گا۔ واقعے کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات جاری ہیں۔ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے ،جلد ہی ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ ماہ قبل یہ خاندان یہاں رہنے آیا تھا، میاں بیوی میں اکثر جھگڑے رہتے تھے ، اور شور ہوتا تھا۔ متاثرہ خاندان کے علاقہ مکین کا کہنا ہے کہ شوہر نجیب اللہ کا کہنا تھا کہ خاتون کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے ، مرنے والی خاتون اس کی دوسری بیوی تھی، پہلے شوہر کے 2 بچے بھی ساتھ تھے ۔علاقہ مکین کا کہنا ہے کہ مرد کی پہلی شادی سے ہونے والا بڑا بیٹا والد کے ساتھ کام پر تھا، جاں بحق ہونے والی 10سال کی سونم نجم کی پہلی بیوی سے ہے۔ مزید برآں پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کا کہنا ہے کہ خاتون، 2 بچیوں اور بچے کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا،کیمیائی تجزیے کے لیے لاشوں سے سیمپل حاصل کر لیے ، موت کی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی۔