اساتذہ اور محکمہ تعلیم کے ملازمین کے تبادلوں میں شفافیت کیلئے ای ٹرانسفر سسٹم نافذ

اساتذہ اور محکمہ تعلیم کے ملازمین کے تبادلوں میں شفافیت کیلئے ای ٹرانسفر سسٹم نافذ

اساتذہ تبادلوں کی درخواستیں آن لائن جمع کروانے کے ساتھ ساتھ درخواست کا اسٹیٹس بھی گھر بیٹھے چیک کر سکیں گے ،سفارش اور تاخیر جیسے مسائل کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا،وزیرتعلیم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)محکمہ تعلیم سندھ نے اساتذہ اور ملازمین کے تبادلوں کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے ای ٹرانسفر سسٹم نافذ کر دیا ہے ۔ وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کے مطابق تبادلوں کا نظام آن لائن ہونے سے شفافیت اور میرٹ کو فروغ ملے گا جبکہ سفارش اور تاخیر جیسے مسائل کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔صوبائی وزیر کی ہدایت پر ای ٹرانسفر سسٹم جمعرات (آج)سے باقاعدہ طور پر فعال ہو جائے گا اور اسے مرحلہ وار مزید وسعت دی جائے گی تاکہ موثر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔جدید نظام کے بعداب اساتذہ اپنے تبادلوں کی درخواستیں آن لائن جمع کروانے کے ساتھ ساتھ درخواست کا اسٹیٹس بھی گھر بیٹھے چیک کر سکیں گے۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن کو ڈیجیٹلائز کرنے کے سفر میں ای ٹرانسفر سسٹم کابینہ سے منظور شدہ منصوبہ ہے ۔ای ٹرانسفر سسٹم کے پہلے مرحلے میں اساتذہ کو شامل کیا گیا ہے جبکہ آئندہ مرحلے میں محکمہ کے تمام ملازمین کو بھی اس نظام کا حصہ بنایا جائے گا۔ اس اقدام سے وقت کی بچت، اخراجات میں کمی اور غیر ضروری انتظامی رکاوٹوں کے خاتمے میں مدد ملے گی۔محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ میں اس وقت مجموعی طور پر 133,547 اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں، جن میں 105,258 پرائمری اسکول ٹیچرز اور 28,289 جونیئر ایلیمنٹری اسکول ٹیچرز شامل ہیں۔وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ تعلیم کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے انتظامی امور مزید بہتر اور شفاف ہوں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں