لاپتہ افراد کی ٹریول ہسٹری، سی ڈی آر اور دیگر تحقیقاتی رپورٹس پیش کرنے کا حکم
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے شہر کے مختلف علاقوں سے دس لاپتہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر پولیس اور دیگر اداروں سے گمشدہ افراد سے متعلق تازہ رپورٹ طلب کرلی۔
عدالت نے لاپتہ افراد کی ٹریول ہسٹری، سی ڈی آر اور دیگر تحقیقاتی رپورٹس پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو شہر کے مختلف علاقوں سے دس لاپتہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی ۔ دوران سماعت وکلا کی جانب سے بتایا گیاکہ شہری رسول خان، اسرار احمد، محمد یوسف،صاحبزادہ خان، بلال، سہراب علی مختلف علاقوں لاپتہ ہیں،شاہ علی اللہ، عبد اللہ اور دیگر شہری تھانہ سچل سرجانی ٹاؤن کے علاقوں سے لاپتہ ہیں۔ دوران سماعت پولیس کی جانب سے رپورٹ جمع کراتے ہوئے بتایاگیاکہ تھانہ سرسید کے علاقے سے لاپتہ شہری اویس احمد خان گھر واپس آگئے ہیں۔عدالت نے اویس احمد کی بازیابی کی درخواست نمٹا دی۔ عدالت نے ایس ڈی پی او کیماڑی، سائیٹ، سرجانی ٹاون، ماڈل کالونی ، فرئیر، سرسید،سچل اور دیگر کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔