سرد ی کے اثرات ، بچے موسمی بیماریوں کا شکار
سرکاری ونجی اسپتالوں کی ایمرجنسی اور او پی ڈی میں بچوں کی بڑی تعداد رپورٹ بچے نزلہ، زکام، کھانسی اور ڈی ہائیڈریشن کی شکایات کے ساتھ پہنچ رہے ہیں
کراچی (این این آئی)سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بچوں میں مختلف بیماریوں کے کیسز رپورٹ ہونے لگے اور اسپتالوں میں رش لگ گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں سردی کے بڑھتے موسم کے اثرات نمایاں ہو گئے ہیں جہاں سرکاری اور نجی اسپتالوں کی ایمرجنسی اور او پی ڈی میں بچوں کی بڑی تعداد رپورٹ ہو رہی ہے ۔سربراہ شعبہ ایمرجنسی نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چلڈرن ہیلتھ ڈاکٹر حیات بزدار نے بتایا کہ قومی ادارہ صحت کی ایمرجنسی میں یومیہ 100 سے زائد بچے مختلف بیماریوں کے ساتھ آرہے ہیں، چلڈرن اسپتال گلشن اقبال کی ایمرجنسی اور او پی ڈی میں بھی روزانہ تقریبا 80 بچے رپورٹ ہو رہے ہیں۔شہر کے سرکاری اسپتالوں کے پیشنٹ ایڈ فانڈیشن میں بھی بچوں کا رش جاری ہے۔
زیادہ تر بچے نزلہ، زکام، کھانسی اور ڈی ہائیڈریشن کی شکایات کے ساتھ اسپتال پہنچ رہے ہیں۔ڈاکٹر حیات بزدار نے کہا کہ سردی کے موسم میں بچے کم پانی پیتے ہیں، جس کی وجہ سے ان میں ڈی ہائیڈریشن کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔سربراہ شعبہ ایمرجنسی نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو مناسب پانی پلائیں اور سردی سے بچا کے لیے احتیاطی اقدامات کریں تاکہ بیماریوں کے خطرات کم ہوں۔انڈس اسپتال کی ایمرجنسی میں بھی سردی کے اثرات کے باعث بچوں کی بڑی تعداد رپورٹ ہوئی ہے ، جس سے صحت کے محکمے الرٹ ہیں اور والدین سے احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے ۔