بلدیہ عظمیٰ کا 418 سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کا فیصلہ
14ارب روپے کی لاگت آئے گی، رابطوں میں بہتری کیلئے تازہ اقدام کے تحت مزید سڑکوں اور گلیوں کی نشاندہی تمام منصوبہ جاتی امور فوری طور پر مکمل اور بغیر کسی تاخیر کے ٹینڈرز جاری کیے جائیں،مرتضیٰ وہاب کی اجلاس میں ہدایت
کراچی (این این آئی)میئرکراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے شہری انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے اور ٹریفک کی روانی و شہری سہولتوں میں بہتری کے لیے بلدیہ عظمی کراچی شہر بھر میں 418 سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کا فیصلہ کیا ہے ، جس پر 14 ارب روپے کی لاگت آئے گی، یہ اقدام اس سے قبل 26 اہم شاہراہوں کی بحالی کے لیے منظور شدہ 5.5 ارب روپے کے بعد کیا گیا ہے ، جو سندھ حکومت اور کے ایم سی کی کراچی کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔ تازہ اقدام کے تحت مزید سڑکوں اور گلیوں کی نشاندہی کی گئی ہے تاکہ رابطہ بہتر بنایا جا سکے ، سڑکوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے اور شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے ایم سی ہیڈ آفس میں ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ مزید 418 سڑکوں کا انتخاب کر لیا گیا ہے اور منصوبوں کے پی سی ون کی تیاری جاری ہے تاکہ منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے ۔ کے ایم سی کے مشیر مالیات گلزار ابڑو نے میئر کراچی کو تازہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ شہر کے مجموعی انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے 20 ارب روپے کی گرانٹ منظور کی گئی ہے ۔ میئر کراچی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام منصوبہ جاتی امور فوری طور پر مکمل کیے جائیں اور بغیر کسی تاخیر کے ٹینڈرز جاری کیے جائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے تحت شہر میں اربوں روپے کی تاریخی سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ دیرینہ شہری مسائل کے حل اور کراچی کے شہریوں کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اور مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں، اور یہ کام تیز رفتاری سے مکمل کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کے ایم سی کارکردگی پر یقین رکھتی ہے اور پارٹی منشور کے مطابق عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے پوری طرح پرعزم ہے ،اجلاس میں ضلع شرقی، وسطی اور ملیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔ میونسپل کمشنر کے ایم سی سمیرا حسین نے ضلعی اور صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری اسکیموں کی مالی اور انتظامی پیش رفت سے میئر کراچی کو آگاہ کیا، میئر کراچی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شاہراہِ شہید ملت اور شاہراہِ قائدین کو فوری طور پر مکمل کیا جائے ۔