ناقص مٹیریل کی شکایت پر ٹھیکیدار ترقیاتی کام ادھورا چھوڑ کر فرار

ناقص مٹیریل کی شکایت پر ٹھیکیدار ترقیاتی کام ادھورا چھوڑ کر فرار

علی واہن میں اویس قادر نے حلقہ میں کروڑوں کی لاگت سے کام شروع کرایا تھاکوئی ٹھیکیدار کیخلاف شکایت سننے کو تیار نہیں، اسپیکر سندھ اسمبلی نوٹس لیں،مکین

روہڑی (نمائندہ دنیا) اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ کے حلقہ علی واہن میں شروع ہونے والا ترقیاتی کام ٹھیکیدار ادھورا چھوڑ کر فرار، شکایات کے باوجود کام مکمل کرنے کو تیار نہیں، علاقہ مکینوں کا اسپیکر سندھ اسمبلی سے نوٹس لیکر معیاری مٹیریل سے کام مکمل کرانے کا مطالبہ۔ تحصیل روہڑی کی یونین کونسل علی واہن میں اویس قادر کی جانب سے اپنے حلقہ میں کروڑوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام شروع کرایا گیا تھا، لیکن ناقص مٹیریل کی شکایت پر ٹھیکیدار کام ادھورا چھوڑ کر فرار ہو گیا، جس کے باعث گلی محلے کھنڈرات میں تبدیل ہوچکے ہیں۔

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ ٹھیکیدار نے ناقص مٹیریل کے ساتھ عباسی محلہ، جھانجوکمپنی محلہ اور شیخ محلہ میں فرش بندی، ہائی اسکول گراؤنڈ کے نکاسی آب کے نالے کا کام ناقص مٹیریل سے شروع کیا، جس کی شکایت اسپیکر سندھ اسمبلی کی گئی تو ٹھیکیدار ادھورا کام چھوڑ کر فرار ہوگیا،ترقیاتی کام سے پہلے ہماری گلی محلوں کی حالت بہتر تھی اب ابتر ہو گئی ہے ، گلی محلے کھنڈرات کا منظر پیش کر رہے ہیں، ہم منتخب بلدیاتی نمائندوں کو بار بار شکایت کرچکے مگر وہ بھی ٹھیکیدار کے سامنے بے بس نظر آتے ہیں۔ یوسی چیئرمین جہانگیر عباسی کے مطابق کوئی بھی ٹھیکیدار کے خلاف شکایت سننے کو تیار نہیں۔ جہانگیر عباسی اور علاقہ مکینوں نے اسپیکراسمبلی سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی اور معیاری ترقیاتی کام کرائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں