بسنت کا تہوار برقرار رکھنے کیلئے شہری ایس او پیز پر عمل کریں:عظمیٰ بخاری
لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لوگ بسنت کے تہوار کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو ایس او پیز پر عمل کریں۔
دنیا نیوز کے پروگرام’’دنیا مہربخاری کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بسنت ایک خوبصورت تہوار ہے، دھاتی ڈور کی وجہ سے بسنت پر پابندی لگائی گئی تھی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہم نے محفوظ بسنت کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کیے ہیں، یہ تہوار چند لوگوں کی غلطی کی وجہ سے کروڑوں لوگوں کی خوشیوں کو کھا گیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ ہم نے موٹرسایئکلوں پر 10 لاکھ کے قریب سیفٹی راڈ لگائے، ہم نے بسنت کے تین دنوں پبلک ٹرانسپورٹ فری کر دی ہے، میٹرو، اورنج لائن اور بسوں پر سفر فری ہوگا تا کہ لوگ بائیک استعمال نہ کریں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہمیں اندازہ نہیں تھا لوگ بسنت کےاعلان پراتنا خوش ہوں گے، ایک ارب 24 کروڑ سے زائد کی پتنگ، ڈوریں فروخت ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بسنت کی وجہ سے پوری دنیا سے لوگ لاہور آ رہے ہیں، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت قوانین بنائے ہیں، ہماری کوشش ہے لوگوں کو مایوسی کے ماحول سے نکالا جائے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے دھاتی ڈور استعمال کی تو سختی سے نمٹا جائے گا، لوگوں کو چھتوں کے لیے این او سی جاری کیے گئے ہیں، ڈرون کیمروں کی مدد سے چھتوں کو مانیٹر کریں گے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ ریڈ زون میں کوئی موٹرسائیکل داخل نہیں ہوگی، ریڈ زون کے اندر پبلک ٹرانسپورٹ استعمال ہوگی، چند لوگوں کی غلطی کی وجہ سے لاکھوں لوگوں کو خوشیوں سے محروم کر دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، بسنت کی وجہ سے خیبرپختونخوا کی انڈسٹری بھی چل پڑی ہے، بسنت کی وجہ سے لوگوں کو روزگار مل رہا ہے، لوگوں کے سٹاک کی وجہ سے بھی سپلائی چین میں مسئلہ آیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہرکام حکومتوں کا نہیں ہوتا شہریوں کو بھی رولز پر عمل کرنا ہوگا، تنقید کرنے والوں کو عوام کی خوشی سے تکلیف ہوتی ہے، یہ چاہتے ہیں عوام خوشی کا سانس نہ لیں، ایک دوسرے کو گالی دینے کے بجائے لوگوں کو خوشیاں منانے دیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جن گانوں پر پابندی لگائی ان گانوں پر سٹیج پرفارمنس پر پابندی ہے، تہوار کسی پارٹی نہیں سب لوگوں کے لیے ہوتا ہے، یہ بسنت کے تہوار کو سیاسی نہ بنائیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اگر انہوں نے اپنے لیڈر کی تصویر لگانی ہے تو کر لیں مجھے کیا اعتراض ہے، لیڈر کی تصویر جب پتنگ کٹے گی تو کسی گٹر یا نالی پر ہی گرے گی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم ان کا احتجاج روزانہ اڈیالہ کے باہر دیکھتے ہیں، اڈیالہ کے باہر ان سے لوگ اکٹھے نہیں ہوتے، روایتی طور پر ہمیشہ فروری کے دوسرے ہفتے ہی بسنت منائی جاتی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بھاٹی گیٹ واقعہ پرانتظامیہ کی غلط بیانی نے نمک چھڑکا، گٹر کے ڈھکن نشئی رات کو اٹھا کر لے جاتے ہیں۔