آسٹریلیا: چور مہاتما گاندھی کا مجسمہ لے اُڑے، پاؤں چھوڑ گئے
میلبرن: (ویب ڈیسک) آؤسٹریلین انڈین کمیونٹی سینٹر سے مہاتما گاندھی کی 420 کلوگرام وزنی کانسی کی مورت چوری ہو گئی۔
آسٹریلیا کے میلبرن میں واقع آؤسٹریلین انڈین کمیونٹی سینٹر کے باہر سے مہاتما گاندھی کا یہ کانسی کا مجسمہ چوری کر لیا گیا۔ مجسمہ ICCR، نئی دہلی کی طرف سے تحفے کے طور پر دیا گیا تھا اور بھارتی کمیونٹی کے لیے اس کی تاریخی، ثقافتی اور علامتی اہمیت تھی۔
پولیس کے مطابق یہ چوری پیر کی رات تقریباً 12:50 بجے ہوئی، جب تین نامعلوم ملزمان نے اینگل گرائنڈر کا استعمال کرتے ہوئے 426 کلوگرام وزنی مجسمے کو بنیاد سے کاٹ دیا۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تصاویر میں مجسمے کے صرف پاؤں باقی دکھائی دیتے ہیں۔
ویکٹوریہ پولیس کے نکس کرائم انویسٹیگیشن یونٹ کے افسران اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور مقامی اسکریپ میٹل فروشوں کو متنبہ کیا ہے کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی جائے۔
آسٹریلین انڈین کمیونٹی چیریٹیبل ٹرسٹ کے کمیٹی رکن سنتوش کمار کے مطابق یہ واقعہ جزوی طور پر عمارت کے CCTV میں نظر آیا اور اگلے دن رپورٹ کیا گیا، یہ مجسمہ 12 نومبر 2021 کو سابق آسٹریلوی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے افتتاح کیا تھا۔
پولیس اور کمیونٹی رہنماؤں نے اس چوری کو بڑھتے ہوئے بھارت مخالف جذبات سے جوڑا ہے، جو خاص طور پر خالصتان سے منسلک انتہا پسندوں کی جانب سے بھارتی سفارتی مشنز اور کمیونٹی مراکز پر حملوں کے بعد دیکھنے میں آ رہا ہے۔