رنویر سنگھ کی ڈان تھری سے علیحدگی تنازع بن گئی، عامر خان بھی میدان میں آگئے

ممبئی: (ویب ڈیسک) ڈان تھری اس وقت بالی ووڈ کے سب سے زیادہ زیر بحث پروجیکٹس میں سے ایک ہے۔ فلم میں ابتدائی طور پر مرکزی کردار کے لیے رنویر سنگھ کو کاسٹ کیا گیا تھا، لیکن بعد میں رنویر نے اس منصوبے سے علیحدگی اختیار کر لی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انڈسٹری کی چند بڑی شخصیات نے دونوں فریقین کے درمیان اختلافات کو حل کرنے کے لیے کوشش شروع کی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے ایک اہم اجلاس بھی ہوا جس میں بالی ووڈ کے معروف ستاروں، فلم ساز اور پروڈیوسرز نے شرکت کی اور ڈان 3 کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان، ریتک روشن، راجکمار ہیرانی، زویا اختر، ساجد ناڈیا والا، رمیش تورانی، کمار مانگٹ اور امریت پال سنگھ بنڈارا شامل تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تنازع کی بنیادی وجہ رنویر سنگھ کی فلم سے علیحدگی تھی، فرحان اختر کی پروڈکشن کمپنی ایکسیل انٹرٹینمنٹ نے رنویر کے اس اقدام پر ان سے 40 کروڑ روپے بطور معاوضہ طلب کیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق اس صورتحال کے بعد عامر خان نے دونوں فریقین کے درمیان ثالث کا کردار اپنے ذمے لیا تاکہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ اس کی تصدیق اس وقت ہوئی جب چند روز بعد کرن جوہر، ساجد ناڈیا والا، ایکتا کپور، فرحان اختر اور زویا اختر کو ممبئی میں عامر خان کی رہائش گاہ سے نکلتے ہوئے دیکھا گیا۔

واضح رہے کہ فرحان اختر کے ڈان فرنچائز کا آغاز بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی فلم ڈان سے ہوا۔ یہ 1978 کی کلاسک فلم کا ری میک تھی اور 2006 میں ریلیز ہوئی۔ اس کا سیکیوئل 2011 میں منظرِ عام پر آیا۔

جس کے بعد 2023 میں ایکسیل انٹرٹینمنٹ نے اعلان کیا رنویر سنگھ اسکے تیسرے سیکیوئل میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں