فیفا سیکرٹری جنرل کا صدر پی ایف ایف کی قیادت پر بھرپور اعتماد
زیورخ: (ویب ڈیسک) فیفا سیکرٹری جنرل میتھیاس گراف اسٹرم نے صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) سید محسن گیلانی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر کی فیفا حکام سے زیورخ میں واقع فیفا ہیڈکوارٹر میں مفید اور نتیجہ خیز ملاقات ہوئی، جس میں فٹبال گورننس سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، فیفا سیکرٹری جنرل نے قومی ویمنز ٹیم کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
صدر پی ایف ایف نے پاکستان فٹبال کیلئے فیفا کی مکمل حمایت پر اظہارِ تشکر کیا۔
ملاقات کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق فیفا سیریز میں شاندار کارکردگی پر پاکستان ویمنز ٹیم کو سراہا گیا۔
پی ایف ایف کی حالیہ سرگرمیوں اور اقدامات پر رپورٹ پیش کی گئی اور چند ماہ کی کارکردگی سے فیفا حکام کو آگاہ کیا گیا، پاکستان میں فٹبال انفراسٹرکچر کو اولین ترجیح قرار دے دیا گیا۔
فیفا سیکریٹری جنرل نے پی ایف ایف قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، انہوں نے پاکستان فٹبال کے روشن مستقبل کیلئے امیدوں کا اظہار کیا اور پاکستان میں فٹبال کے فروغ کیلئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔