برازیل میں جیب میں رکھے موبائل فون پھٹنے سے شہری بچ گیا
برازیل: (ویب ڈیسک) برازیل کی ریاست پرانا کے شہر کاسکاویل میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں جیب میں موجود موبائل فون کے پھٹنے سے ایک شخص کی جان بچ گئی۔
رپورٹس کے مطابق کار مکینک رینالڈو پیدل جا رہا تھا کہ اچانک دو بڑے کتوں نے اسے گھیر کر حملہ کر دیا، رینالڈو نے بتایا کہ اس سے پہلے کہ وہ صورتحال کو پوری طرح سمجھ پاتا، ایک کتا اس کے گلے کی طرف لپکا، اس نے خود کو بچانے کے لیے کتے کو مارا تاہم دوسرا کتا اس کی ٹانگ پر جھپٹا اور اس کی جیب میں موجود موبائل فون کو دانتوں میں پکڑ لیا۔
اسی دوران موبائل فون کی بیٹری زور دار دھماکے سے پھٹ گئی، اگرچہ موبائل فون کا پھٹنا انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، تاہم اس غیر متوقع دھماکے سے کتے گھبرا کر پیچھے ہٹ گئے اور رینالڈو کو موقع مل گیا کہ وہ وہاں سے نکل جائے۔
واقعے کے نتیجے میں رینالڈو کی ہاف پینٹ جل گئی اور اس کی ٹانگ پر جلنے کے زخم آئے، تاہم وہ کسی بڑے نقصان سے محفوظ رہا، بعد ازاں اس نے پولیس کو اطلاع دی۔
رپورٹس کے مطابق کتوں کے مالک نے رینالڈو سے معذرت کی اور طبی اخراجات کے ساتھ ساتھ پھٹنے والے سمارٹ فون کی قیمت ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد متاثرہ شخص نے قانونی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔