فوجیوں کی ہلاکت: امریکی کانگریس کا وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی کانگریس کے رکن نے فوجیوں کی ہلاکت پر وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔

ڈیموکریٹک رکن کانگریس پیٹ ریان نے کویت میں تعینات چھ امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر پینٹاگون کے سربراہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا، یہ فوجی ایک ایرانی ڈرون حملے میں مارے گئے تھے۔

پیٹ ریان نے سماعت کے دوران ہیگستھ سے سوال کیا کہ کیا انٹیلی جنس معلومات میں یہ ظاہر کیا گیا تھا کہ مذکورہ مقام ایران کے ممکنہ اہداف میں شامل ہے اور فضائی حملے کے خلاف اس کا دفاع ممکن نہیں تھا، انہوں نے پوچھا اس کے باوجود آپ نے 103 ویں سسٹینمنٹ کمانڈ کے اہلکاروں کو وہاں تعینات کیا، کیا یہ درست ہے یا غلط؟

پیٹ ہیگستھ نے جواب میں کہا کہ امریکی فوج نے اپنے اہلکاروں کے تحفظ کے لئے پیشگی اقدامات کئے تھے اور ہلاک ہونے والے فوجیوں کو روزانہ یاد رکھا جاتا ہے۔

پیٹ ریان نے میڈیا سے گفتگو میں بچ جانے والے اہلکاروں کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ڈرون حملے سے نمٹنے کے لئے تیار نہیں تھے۔

انہوں نے وزیرِ دفاع پر الزام عائد کیا کہ وہ واقعے کی سنگینی کو کم کر کے پیش کر رہے ہیں اور مطالبہ کیا کہ وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں