اسرائیلی فوج نے امدادی سامان غزہ لے جانے والے متعدد بحری جہاز گھیر لیے

غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی فوج نے امدادی سامان لے کر غزہ جانے والے متعدد بحری جہازوں کو گھیرے میں لے لیا۔

گلوبل صمود فلوٹیلا نے کہا ہے کہ ہمارے جہازوں کو بین الاقوامی پانیوں میں اسرائیلی فوجی کشتیوں نے غیر قانونی طور پر گھیر لیا اور عملے کو اغوا اور تشدد کی دھمکیاں دیں۔

تنظیم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ 11 جہازوں سے رابطہ منقطع ہو چکا ہے جبکہ اسرائیلی میڈیا کے مطابق 7 جہازوں کو روک لیا گیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بین الاقوامی حکومتوں کو فوری طور پر حرکت میں آنا چاہیے تاکہ فلوٹیلا کا تحفظ کیا جا سکے، اسرائیل کو بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزیوں اور فلسطینی عوام کے خلاف جاری مبینہ نسل کشی پر جوابدہ بنایا جائے۔

فلوٹیلا نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ فلوٹیلا کا تحفظ کرو، محاصرہ ختم کرو، فلسطین کو آزاد کرو۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں