اسرائیل مذاکرات سے پہلے جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد کرے: لبنانی صدر

بیروت: (دنیا نیوز) لبنان کے صدر جوزف عون نے کہا کہ اسرائیل کو دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات شروع ہونے سے پہلے جنگ بندی پر مکمل طور پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔

لبنان کے صدر جوزف عون نے کہا کہ اسرائیل کو یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ سلامتی کا واحد راستہ مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے، اگر اسرائیل سمجھتا ہے کہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور سرحدی دیہات کی تباہی کے ذریعے وہ اپنے مقاصد حاصل کر سکتا ہے تو یہ اس کی غلط فہمی ہے کیونکہ وہ یہ تجربہ ماضی میں کر چکا ہے اور اس کے کوئی نتائج برآمد نہیں ہوئے۔

صدر عون کے مطابق سرحدوں کا حقیقی تحفظ صرف اسی صورت ممکن ہے جب لبنانی ریاست اپنی مکمل طاقت کے ساتھ پورے جنوبی علاقے اور بین الاقوامی سرحدوں تک موجود ہو، لبنان اس وقت امریکا کی جانب سے مذاکرات کے آغاز کے لئے تاریخ کے اعلان کا منتظر ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی میز پر لبنانی معاملے کا موجود ہونا ہماری موجودہ صورتِ حال میں ایک موقع ہے، جس سے فائدہ اٹھا کر لبنان کو سلامتی اور امن کی سمت لے جایا جا سکتا ہے۔

لبنانی صدر نے کہا کہ ملک میں استحکام کے حصول کے لئے کئی مشکلات درپیش ہیں اور حکومت لبنان پر ہونے والی فوجی کارروائیوں کے اثرات کم کرنے کے لئے بھرپور کوششیں اور سفارتی رابطے کر رہی ہے، جنگ بندی کے اعلان کے بعد اسرائیلی حملوں کا جاری رہنا قابلِ قبول نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کا حل تشدد اور خونریزی کے بغیر نکالنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے اور اس کا واحد راستہ مذاکرات ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں