سٹیو سمتھ پی ایس ایل 11 کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے 11ہویں ایڈیشن نے آغاز سے قبل ہی تاریخ رقم کر دی ہے، جہاں پہلی بار نیلامی ماڈل کے تحت فرنچائزز نے بڑے فیصلے کیے اور آسٹریلوی سٹار سٹیو سمتھ لیگ کے مہنگے ترین کھلاڑی بن کر سامنے آئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل کی نئی فرنچائز سیالکوٹ سٹالینز نے سابق آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ کو ڈائریکٹ سائننگ کے ذریعے اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔ فرنچائز نے اس معاہدے کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا، جس کے ساتھ ہی اس بات کی تصدیق بھی ہو گئی کہ سٹیو سمتھ پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
— Sialkot Stallionz (@PSLStallionz) February 4, 2026
رپورٹس کے مطابق سیالکوٹ سٹالینز نے اسٹیو اسمتھ کو 14 کروڑ روپے میں سائن کیا، جس کے بعد وہ پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں، اس معاہدے نے لیگ کی مالی تاریخ میں ایک نیا سنگِ میل قائم کر دیا ہے۔
— Sialkot Stallionz (@PSLStallionz) February 3, 2026
دوسری جانب پی ایس ایل 11 کے لیے ری ٹین کیے گئے کھلاڑیوں کے معاوضوں کا بھی اعلان کیا گیا ہے، پشاور زلمی نے بابر اعظم، لاہور قلندرز نے شاہین شاہ آفریدی اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاداب خان کو 7، 7 کروڑ روپے میں برقرار رکھا ہے۔
واضح رہے کہ اس سیزن میں پی ایس ایل کے پلیئرز سلیکشن سسٹم میں بڑی تبدیلی کی گئی ہے، روایتی ڈرافٹ سسٹم کے بجائے اب نیلامی ماڈل متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت فرنچائزز ہر کیٹیگری سے صرف ایک کھلاڑی کو ری ٹین کر سکتی ہیں، جبکہ باقی اسکواڈ نیلامی کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔