خیبرپختونخوا حکومت کی وفاق کے ذمے واجبات کی تفصیلات سامنے آگئیں
پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا حکومت کا وفاق کے ذمے واجبات کا معاملہ، محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے تفصیلات جمع کرلیں۔
دستاویز کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کے وفاق کے ذمے مختلف منصوبوں کی مد میں 4 ہزار 7 سو 58 ارب روپے واجب الادا ہیں۔
وفاقی حکومت نے 5 ہزار 3 سو 65 ارب روپے مختص کئے، جس میں صرف 603 ارب روپے جاری کئے گئے، 2019 میں فاٹا انضمام کے بعد این ایف سی کا شیئر بڑھا ہے۔
دستاویز کے مطابق این ایف سی کی مد 13 سو 75 ارب روپے مختص تو کئے گئے لیکن ایک پائی جاری نہیں ہوئی، اے آئی پی کی مد میں 700 ارب مختص کئے گئے، 531 ارب روپے تاحال جاری ہونے ہیں۔
پی ایس ڈی پی کی مد میں 178 ارب روپے مختص ہوئے، 54 ارب روپے بقایا ہیں، ضم اضلاع کے جاری بجٹ کے لیے مختص 79 ارب روپے واجب الادا ہیں۔
دستاویز کے مطابق واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے لیے 63 ارب کا وعدہ کیا گیا، ساڑھے تین ارب روپے اب تک وفاق کے ذمے ہیں، نیٹ ہائیڈل پرافٹ کی مد میں 2017 سے 2025 کے وفاق کے ذمے 2 ہزار 252 ارب روپے ہیں۔
چشمہ رائٹ بینک کینال کے لیے وفاقی حکومت نے 3 ارب 90 کروڑ روپے مختص تو کئے لیکن ایک پائی تک جاری نہیں ہوئی، خیبرپختونخوا حکومت کا فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مدد 197 ارب روپے وفاق کے ذمے واجب الادا ہیں۔
دستاویز کے مطابق ونڈ فال لیوی کی مد میں صوبائی حکومت کا وفاق کے ذمے 130 ارب روپے واجب الادا ہیں۔