نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے بلنگ پالیسی میں تبدیلی نافذ

لاہور: (دنیا نیوز) لیسکو نے نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے بلنگ پالیسی میں تبدیلی نافذ کردی گئی۔

وزارتِ توانائی کی ہدایت پر نیٹ میٹرنگ بلنگ میکانزم تبدیل کردیا گیا ہے جس کے تحت نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے ایکسپورٹ ریٹ میں 66 پیسے کمی کردی گئی ہے۔

لیسکو کے آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، فی یونٹ ایکسپورٹ ریٹ 25.98 روپے سے کم ہو کر 25.32 روپے مقرر کردیا گیا ہے، نئی بلنگ پالیسی جنوری 2026 کے بلنگ سائیکل سے نافذ العمل ہو گا جبکہ منظور شدہ ڈی جی کپیسٹی سے زائد ایکسپورٹ یونٹس پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اضافی ایکسپورٹ یونٹس کو ڈی جی کپیسٹی کے تناسب سے محدود کیا جائے گا، ایکسپورٹ ایم ڈی آئی زیادہ ہونے پر یونٹس ایڈجسٹ کرنے کا نیا فارمولہ متعارف کروایا گیا ہے، سی پی 22 کے تحت ایکسپورٹ یونٹس کی ایڈجسٹمنٹ جاری رہے گی۔

لیسکو کے مطابق نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے ایکسپورٹ ایم ڈی آئی کا درست اندراج لازمی قرار کر دیا گیا ہے جبکہ غلط یا نامکمل ڈیٹا پر بلنگ میں مسائل کا خدشہ ہے۔

لیسکو آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ نے تمام افسران کو فوری عملدرآمد کی ہدایت جاری کردی جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی سے نیٹ میٹرنگ صارفین کے مالی فوائد مزید محدود ہونے کا امکان ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں