دواسازی شعبے کا صحت، روزگار اور معیشت میں اہم کردار ہے: وزیر خزانہ
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ دواسازی شعبے کا صحت، روزگار اور معیشت میں اہم کردار ہے۔
وزارتِ خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے فارما بیورو کے وفد نے ملاقات کی، دواسازی شعبے کو درپیش پالیسی اور ریگولیٹری مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فارما سیکٹر کی کارکردگی اور اصلاحات پر وزیر خزانہ کو بریفنگ دی گئی جب کہ ڈرگ ریگولیٹر میں بہتری اور ڈیجیٹلائزیشن میں پیشرفت پر بھی آگاہ کیا گیا۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ملاقات میں ادویات کی قیمتوں اور دستیابی سے متعلق اُمور زیرِ بحث آئے، فارما انڈسٹری میں سرمایہ کاری اور برآمدات بڑھانے پر زور دیا گیا، وزیر خزانہ نے دورانِ گفتگو پالیسی تسلسل اور مؤثر گورننس کی یقین دہانی کرائی۔
دوسری جانب حکومت نے فارما سیکٹر سے باقاعدہ مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، دوا سازی شعبے کا صحت، روزگار اور معیشت میں اہم کردار ہے۔
وزرات خزانہ کے اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ آخر میں محمد اورنگزیب نے فارما انڈسٹری کے مسائل متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔