گوگل کا 40 فیصد اینڈرائیڈ فونز خطرے میں ہونے کا اعلان
نیویارک: (ویب ڈیسک) گوگل کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں موجود اینڈرائیڈ فونز میں سے 40 فیصد سیٹ نئے سائبر حملوں کا نشانہ بن سکتے ہیں۔
گوگل نے اینڈرائیڈ اپ ڈیٹ جاری کرتے ہوئے اس امر کی تصدیق کی کہ اینڈرائیڈ ٹوئیلو اور اس سے پرانے ورژن کے فون سیٹ ایسے حملے برداشت نہیں کر سکیں گے اور سائبر حملوں میں دنیا کے صرف 58 فیصد فون سیٹس کو سپورٹ کیا جا سکے گا۔
تازہ ترین چارٹ میں دی گئی معلومات تشویش ناک ہیں، اعداد و شمار کے مطابق ڈیٹا جمع کئے جانے کے وقت (دسمبر میں) تازہ ترین آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ 16 صرف 7.5 فیصد فونز پر موجود تھا، جبکہ اینڈرائیڈ 15، 19.3 فیصد فونز پر، اینڈرائیڈ 14، 17.9 فیصد فونز پر اور اینڈرائیڈ 13، 13.9 فی صد فونز پر استعمال ہو رہا تھا۔
اینڈرائیڈ کے یہ چاروں ورژن اس لئے اہم ہیں کیونکہ گوگل اب اینڈرائیڈ 12 یا اس سے پرانے ورژنز کیلئے اہم سکیورٹی اپ ڈیٹس فراہم نہیں کرتا، اس طرح جہاں تقریباً 58 فیصد فونز اب بھی گوگل کی سکیورٹی سپورٹ کے تحت ہیں، وہیں 40 فیصد سے زیادہ فونز اس سہولت سے محروم ہیں۔
ایک ارب سے زائد صارفین نئے سائبر حملوں کے خطرے میں ہیں اور ان کے پاس اپنے فونز کو سکیورٹی اپ ڈیٹس کے ذریعے محفوظ بنانے کا کوئی طریقہ موجود نہیں ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ ایپل کو اپنے آئی فون صارفین کو iOS 26 پر اپ گریڈ کرنے پر آمادہ کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، جب تک صارفین اپ گریڈ نہیں کرتے، وہ بھی نئے حملوں کے خطرے سے دوچار رہتے ہیں، تاہم یہ مسئلہ عارضی ہے، کیوں کہ آنے والے مہینوں میں زیادہ تر آئی فونز اپ ڈیٹ ہو جائیں گے، ایپل کے ایسے آئی فونز کی تعداد بہت کم ہے جو مکمل طور پر سپورٹ سے باہر ہو چکے ہوں۔
اگر آپ کا اینڈرائیڈ فون اینڈرائیڈ 13 یا اس سے نئے ورژن پر اپ ڈیٹ نہیں ہو سکتا، تو آپ کو سنجیدگی سے نیا فون لینے پر غور کرنا چاہیے۔