بھارت کیخلاف میچ کا بائیکاٹ، سری لنکا کی پاکستان سے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست

کولمبو: (دنیا نیوز) سری لنکا نے پاکستان سے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر نظرِ ثانی کی اپیل کر دی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سری لنکا کرکٹ نے باقاعدہ طور پر پی سی بی کو خط لکھا ہے، جس میں نشاندہی کی گئی ہے کہ دونوں روایتی حریفوں کے درمیان 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول اس ہائی پروفائل میچ کی منسوخی سے سری لنکا کرکٹ کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔

سری لنکا کرکٹ کے بیان میں کہا گیا کہ کسی بھی قسم کی عدم شرکت کے دور رس اثرات ہوں گے، جن میں سری لنکا کرکٹ کو نمایاں مالی اور متوقع سیاحتی آمدن میں کمی جیسے نقصان کا سامنا ہے، پاک بھارت میچ کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں، میچ کے ٹکٹس کی فروخت سمیت میزبانی کی تمام تیاریاں مکمل کی ہیں۔

خط میں کہا گیا کہ سری لنکا کرکٹ نے مشکل وقت میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا ساتھ دیا ہے، سری لنکا کرکٹ کے بیان میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے کہا گیا کہ ہم آپ سے گزارش کرتے ہیں کہ غیر معمولی حالات، ہمارے دونوں بورڈز کے دیرینہ تعلقات اور کرکٹ کے وسیع تر مفاد کو پیشِ نظر رکھیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شروع ہو رہا ہے، جس کیلئے پاکستان نے مینز کرکٹ ٹیم کو روایتی حریف بھارت کے خلاف میدان میں اترنے سے روک دیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں