ٹرمپ انتظامیہ نے غیر امریکی شہریوں کو ووٹر لسٹ سے نکالنے کیلئے ڈیموکریٹس سے مدد مانگ لی
واشنگٹن: (دنیا نیوز) ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولائن لیوٹ نے کہا ہے کہ سیف امریکا ایکٹ کے تحت غیر امریکی شہریوں کو ووٹر لسٹ سے نکالا جائے گا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیرولائن لیوٹ نے کہا کہ جرائم میں ملوث غیر قانونی تارکین وطن کی تفصیلات پیش کی ہیں، گزشتہ مہینوں میں کوئی بھی امریکا میں غیر قانونی طور پر داخل نہیں ہوا، ڈی ایچ ایس، امیگریشن فورس، بارڈر پٹرول ملک کو محفوظ بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ رواں ہفتے 4 امریکی شہری غیر قانونی تارکین وطن کے ہاتھوں ہلاک ہوئے، تمام غیر ملکی غیر قانونی تارکین وطن کو امریکا سے باہر نکالیں گے، ڈیموکریٹس کو سیف امریکا ایکٹ پر ہماری حمایت کرنی چاہیے۔
ترجمان وائٹ ہاؤس نے پریس کانفرنس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان پڑھ کر سنایا جس میں ایک بار پھر پاک بھارت جنگ بندی کا ذکر کیا گیا، ترجمان کا کہنا تھا کہ ہر معاملے میں سفارتکاری صدر ٹرمپ کی اولین ترجیح ہے، غیر قانونی تارکین وطن کے حوالے سے ہمارا مؤقف سخت ہی رہے گا۔
کیرولائن لیوٹ کے مطابق منی سوٹا میں حالات مقامی حکومت کے عدم تعاون کی وجہ سے خراب ہوئے، ڈیموکریٹ پارٹی ٹرمپ مخالف ایجنڈے پر کام کر رہی ہے، صدر ٹرمپ ملک بھر میں جاری مقامی انتخابات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہوم لینڈ سکیورٹی اور امیگریشن فورس کی فنڈنگ پر ڈیموکریٹس سے مذاکرات جاری ہیں، ہارورڈ کے ساتھ کسی معاہدے پر پہنچنے کیلئے بات چیت ہو رہی ہے، ہارورڈ کے کیمپس پر غیر قانونی سرگرمیاں ہوتی رہی ہیں۔