پاکستان قریبی دوست، قابل اعتماد شراکت دار ہے، مل کر آگے بڑھنے کیلئے پُرعزم ہیں: ازبک صدر

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ازبکستان کے صدر شوکت مرزا ئیوف نے کہا کہ پاکستان ہمارا قریبی دوست اور قابل اعتماد شراکت دار ہے، عالمی اور علاقائی امور پر مل کر آگے بڑھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

معاہدوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ازبک صدرشوکت مرزا یئوف کا کہنا تھا کہ بھرپور استقبال اور شاندار میزبانی پر وزیراعظم شہباز شریف کا مشکور ہوں، جس طرح سے میری اور میرے وفد کی شاندار میزبانی ہوئی اس کو بیان نہیں کر سکتا۔

شوکت مرزا یئوف نے کہا کہ آج کا دن میرے لیے بہت یادگار ہے، نشان پاکستان کا اعزاز میرے لیے قابل فخر لمحہ ہے، ڈاکٹریٹ کی ڈگری اور پروفیسرشپ ملنا میرے لیے اعزاز ہے، اعزازی ڈگری اور پروفیسرشپ اعزاز کے ساتھ ذمہ داری بھی ہے۔

ازبک صدر نے کہا کہ ازبکستان کی مائننگ یونیورسٹی میں نسٹ چیئر قائم کی جائے گی، تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون سے منازل طے کریں گے، تعلیمی شعبے میں اساتذہ اور طلبہ کا بھی تبادلہ کیا جائےگا۔

شوکت مرزا یئوف نے کہا کہ مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا، تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون سمیت تمام شعبوں پر گفتگو ہوئی، تعمیری بات چیت کے نتیجے میں ہم نے تجارتی حجم میں اضافے کے پروٹوکول پر دستخط کیے۔

ازبک صدر نے کہا کہ پاکستان ہمارا قریبی دوست اور قابل اعتماد شراکت دار ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں معاشی استحکام اور ترقی کے لیے کاوشیں قابل ستائش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے اجداد کے نام پر اسلام آباد میں بابر پارک کے قیام کی تجویز پر اتفاق کرنے پر شکرگزار ہوں، مستقبل میں بھی قریبی روابط یقینی بنائیں گے، پاکستان کےعوام کو رمضان المبارک کی پیشگی مبارکباد دیتا ہوں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں