لعل شہباز قلندر کا عرس شروع، وزیر اوقاف نے افتتاح کیا
سیکورٹی انتہائی سخت، لاکھوں افراد کی موجودگی کے باوجود ناخوشگوار واقعہ نہیں ہوازائرین ننگے پاؤں پہنچتے رہے ہیں، صوفیا نے امن کا درس دیا، ریاض شاہ شیرازی
سہون شریف (نمائندہ دنیا)حضرت لعل شہباز قلندر کا سالانہ عرس شروع ہوگیا، صوبائی وزیر برائے اوقاف سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے مزار پر چادر چڑھا کر سہ روز تقریبات باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے ہیں، سیوھن میں لاکھوں لوگوں کی موجودگی کے باوجود کوئی ناخوشگوار واقعہ یا کسی کے فوت ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔ عرس میں شرکت کرنے والے ہزاروں زائرین نے لعل باغ سیوھن،یک تھنبی، ریلوے اسٹیشن، کالج روڈ کے قریب عارضی بستیاں قائم کرلی ہیں، جہاں ہزاروں افراد نے شامیانے لگا کر ڈیرے ڈال لئے ۔ اس کے علاوہ شہر کے مختلف مقامات پر سڑکوں کے کناروں پر ہزاروں افراد خواتین اور بچوں سمیت چادریں لگا کر سردی میں بیٹھے ہیں۔
جبکہ زائرین کی بڑی تعداد عقیدت میں ننگے پاؤں مزارپر حاضری دینے پہنچ رہی ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ صوفیاء اور اولیاء کی سرزمین ہے جہاں بزرگانِ دین نے ہمیشہ امن، محبت اور بھائی چارے کا درس دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر دہشت گردی، عدم برداشت، انتہاپسندی اور منفی رجحانات کے خاتمے کے لیے صوفیاء کے پیغام کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کا عرس مبارک ملک کے بڑے مذہبی اجتماعات میں شمار ہوتا ہے اور رواں سال متوقع طور پر تقریباً 30 لاکھ زائرین سہون شریف آئیں گے ، جبکہ گزشتہ سال بھی 28 لاکھ سے زائد عقیدت مندوں نے عرس میں شرکت کی تھی۔