بھارت خطے کے امن کا دشمن بن چکا،ثروت اعجاز

بھارت خطے کے امن کا دشمن بن چکا،ثروت اعجاز

بنگلہ دیش میں دھماکا بھارت کی منظم ریاستی دہشت گردی کا تسلسل ہےبھارتی روش عالمی امن و سلامتی کیلئے بھی سنگین چیلنج بن چکی ،چیئرمین سنی تحریک

کراچی(این این آئی) چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینئر ثروت اعجاز قادری نے بنگلہ دیش میں انتخابات کے دوران ہونے والے دھماکے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بزدلانہ اور سفاکانہ کارروائی بھارت کی منظم ریاستی دہشت گردی کا تسلسل ہے ۔بھارت خطے کے امن،جمہوریت اور استحکام کا سب سے بڑا دشمن بن چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں ناکامیوں کے بعد اب بنگلہ دیش میں انتخابی عمل کو نشانہ بنا کر یہ ثابت کر رہا ہے کہ اسے نہ جمہوریت سے کوئی سروکار ہے اور نہ ہی انسانی جانوں کی حرمت کا کوئی احساس۔انتخابات کے دوران دھماکا دراصل عوام کی رائے پر حملہ، جمہوری اقدار کی توہین اور پورے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کھلی کوشش ہے ۔ثروت اعجاز قادری کا مزید کا کہنا تھا کہ بھارت طویل عرصے سے پراکسی نیٹ ورکس،خفیہ ایجنسیوں اور دہشت گرد گروہوں کے ذریعے اپنے پڑوسی ممالک میں انتشار پھیلا رہا ہے ۔پاکستان اس بھارتی دہشت گردی کا بدترین شکار رہا ہے اور اب بنگلہ دیش میں ہونے والی کارروائی اس بات کا ناقابل تردید ثبوت ہے کہ بھارت پورے جنوبی ایشیا کو جنگ،خوف اور خونریزی میں دھکیلنا چاہتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی یہ روش نہ صرف خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے بلکہ عالمی امن و سلامتی کے لیے بھی سنگین چیلنج بن چکی ہے ۔اگر عالمی برادری نے اب بھی خاموشی اختیار کیے رکھی تو بھارت کو مزید کھلی چھوٹ ملے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں