ناخلف بیٹے نے ماں ماردی، بیوی قتل کرکے شوہر کی خودکشی
گھریلو تنازعات پرہنگورجا اور راجوخانانی میں واقعات، ماں کا قاتل بیٹا گرفتارمحراب پور میں ڈوب کر بچہ جاں بحق، جیکب آباد میں گاڑی نے بچی کو کچل دیا
صوبھو ڈیرو، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا)ہنگورجا میں ناخلف بیٹے نے ماں قتل کردی، جبکہ بدین میں شوہر نے بیوی قتل کرکے خود کشی کرلی، دونوں واقعات گھریلو تنازعات پر پیش آئے ، ادھر جیکب آباد میں گاڑی نے بچی کچل دی، محراب پور میں ڈوب کر بچہ چل بسا۔ تفصیلات کے مطابق ہنگورجا میں نافرمان بیٹے نے ماں کو قتل کر دیا، پولیس کے مطابق عزیر سہتو ولد مرحوم ممتاز سہتو نے گھریلو تکرار پروالدہ زینب پر فائر کئے جس سے وہ موقع پر ہی چل بسی ۔ حراست میں ملزم نے بیان میں کہا کہ وہ ٹک ٹاک آئی ڈی بنانے پر بہن کو قتل کرنا چاہتا تھا کہ ماں بیچ میں آگئی ۔ ادھر راجوخانانی میں گاؤں سومجی کولہی میں گھریلو تنازع پر شوہر نے بیوی قتل کرکے خود کشی کرلی۔
اطلاعات کے مطابق پریم کولہی نے مبینہ اپنی اہلیہ لچھمی کولہی کو گلا گھونٹ کر قتل کرنے کے بعد خود بھی پھندا لے کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔مقامی افراد کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب گھر میں خوشی کا ماحول تھا اور آج مقتولہ کی بہن کی شادی کی تقریبات طے تھیں۔ اچانک پیش آنے والے سانحے نے خوشیوں کو غم میں بدل دیا۔ محراب پور کی نہر میں ڈوب کر بچہ جاں بحق ہو گیا، لاش نکال لی گئی، تاہم آخری اطلاعات تک شناخت نہیں ہو سکی تھی۔ جیکب آباد میں درگاہ پیر میہر شاہ کے قریب تیز رفتار کار نے قصبہ منظور خان پنہور کے رہائشی صدام کی تین سالہ بیٹی واجدہ کو کچل کر ہلاک کردیا۔