سکھر :غلط پارکنگ، تجاوزات سے ٹریفک جام معمول بن گیا

 سکھر :غلط پارکنگ، تجاوزات سے ٹریفک جام معمول بن گیا

ٹریفک اہلکار بھی گاڑیوں کی روانی برقرار رکھنے میں ناکام ، مسافروں، شہریوں کو مشکلات کئی مقامات پر ٹریفک اہلکار تعینات ہی نہیں، حکام بالا مسائل سے نجات دلائیں، شہری

 سکھر (بیورو رپورٹ) رمضان المبارک سے ایک روز قبل شہر کی ا ہم شاہراہوں پر بد ترین ٹریفک جام، مسافر گاڑیوں سمیت شہریوں کو تکلیف کا سامنا۔ تفصیلا ت کے مطابق سکھر شہر میں کئی برس سے جاری ٹریفک جام کا مسئلہ رمضان المبارک کے آغاز پربھی اب تک حل نہیں ہو پایا ہے ۔ سکھر شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام رہنا روز کا معمول بن چکا ہے ، ٹریفک جام کے باعث جہاں مسافر گاڑیوں کو تکلیف اٹھانا پڑ رہی ہے ، وہیں شہریوں کوبھی آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

شہر کے مختلف تجارتی و کاروباری مراکز، اہم شاہراہوں سمیت سکھر کے مصروف ترین تجارتی مراکز و مارکیٹوں میں دکانوں کے باہر رکھے ہوئے سامان اور سڑکوں پر غلط پار ک کی جانے والی گاڑیوں کی وجہ سے سڑکوں پر صبح اور شام کے اوقات میں گھنٹوں تک ٹریفک جام رہتا ہے ۔ شہر کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک اہلکاربھی ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور ٹریفک کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتے ہیں اور کئی مقامات پر تو ٹریفک اہلکار تعینات نہیں ہیں، جس کی وجہ سے شہریوں کو ٹریفک جام کے مسائل سے گزرنا پڑ رہا ہے ۔ دوسری جانب ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل پر شہری و سماجی حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ جبکہ شہر میں ٹریفک جام کے مسائل سے دوچار شہریوں نے حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ شہر میں ٹریفک جام کے مسائل کے حل کے لئے موثر پالیسی بنا کر عوام کو ٹریفک کے درپش مسائل سے نجات دلائی جائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں