حیدر آباد:منافع خوروں پر مقدمہ درج، جرمانے لگائیں گے ،کمشنر
دکاندار سرکاری نرخنامہ نمایاں جگہ آویزاں کریں، 12 مانیٹرنگ ٹیمیں نگرانی کریںگی
حیدر آباد (بیورو رپورٹ) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے رمضان المبارک کے دوران ڈویژن کے تمام اضلاع میں پرائس کنٹرول، سکیورٹی اور عوام کو ریلیف کے لیے جامع پلان پیش کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ پرائس کمیٹیوں نے اشیائے ضروریہ کی سرکاری مقرر کردہ نرخوں کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے ، دکانداروں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ منظور شدہ سرکاری نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں ،ڈویژن بھر میں 33 شکایتی مراکز، 68 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ٹیمیں اور 20 بچت بازار قائم کیے جائیں گے ،12 پرائس مانیٹرنگ ٹیمیں مارکیٹوں کی نگرانی کریں گی۔ ڈی آئی جی، ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی حیدرآباد کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر فیاض حسین عباسی نے مزید کہا کہ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے جبکہ میڈیا ایسی دکانوں اور مارکیٹوں کی نشاندہی کرے جو سرکاری نرخ نامے آویزاں نہیں کرتے ، منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت کارروائی کرینگے جس میں جرمانے کے ساتھ مقدمے کا اندراج بھی شامل ہوگا۔ احترام رمضان آرڈیننس پر ہر صورت عمل کرایا جائے گا،ضلعی انتظامیہ اور این جی اوز کے تعاون سے بڑا بچت بازار بھی قائم کیا جائے گا۔