عثمانیہ اسپتال میں جدید ایکو کارڈیو گرافی مشین کی تنصیب

 عثمانیہ اسپتال میں جدید ایکو کارڈیو گرافی مشین کی تنصیب

گزشتہ سال 91 ہزار سے زائد مریضوں کو مفت،رعایتی طبی سہولتیں فراہم کی گئیں ڈونرز کا اعتماد ہی بڑی تعداد میں مستحق مریضوں کا علاج ممکن بناتا ہے ،شکیل احمد مشتاق

کراچی (این این آئی)عثمانیہ اسپتال حیدرآباد ریلیف اینڈ ری ہیبلی ٹیشن ٹرسٹ کے زیرِ انتظام گزشتہ 75 سال سے غریب مریضوں کو علاج کی سستی اور معیاری سہولتیں فراہم کر رہا ہے ۔ زکوۃ کے مستحق اور دیگر مریضوں کو مفت یا جزوی فیس کے ساتھ علاج کی سہولتیں بھی مہیا کی جا رہی ہیں۔گزشتہ سال 91 ہزار 500 سے زائد مستحق مریضوں کو معیاری علاج کی سہولتیں فراہم کی گئیں،ہر ماہ کی پہلی اتوار کو مفت آئی کیمپ لگایا جاتا ہے اورہر ماہ موتیا کے 50 آپریشن مفت کیے جاتے ہیں۔ جیل چورنگی پر واقع اسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شکیل احمد مشتاق کے مطابق حال ہی میں یہاں جدید ایکو کارڈیو گرافی مشین کا اضافہ بھی کردیا گیاجس کا مقصد دل کے امراض کی بروقت تشخیص اور بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا ہے ۔ اسپتال میں ایکسرے ، الٹرا ساؤنڈ ،خون کے ٹیسٹ کے علاوہ 24 گھنٹے فارمیسی، ایمرجنسی وغیرہ کی سہولتیں بھی موجود ہیں۔ سی ای او کے مطابق عثمانیہ اسپتال میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اس بات کا ثبوت ہے کہ معاشرہ ہماری خدمات پر اعتماد کرتا ہے ۔ ہماری ماہر اور تجربہ کار ڈاکٹروں اور عملے کی ٹیم کم خرچ پر علاج فراہم کر رہی ہے ، حیدرآباد ریلیف اینڈ ری ہیبلی ٹیشن ٹرسٹ کی تمام فلاحی سرگرمیاں عطیہ دہندگان کے تعاون اور مدد پرمنحصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ڈونرز کا اعتماد اور حمایت ہی ہر سال اتنی بڑی تعداد میں مستحق مریضوں کے علاج کو ممکن بناتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں