بابر مارکیٹ فائر سیفٹی کے حوالے سے خطر ناک قرار
ہنگامی بنیادوں پر توجہ نہ دی گئی تو گل پلازہ سے بڑا سانحہ ہو سکتا ہے ،صارفینمارکیٹ میں بجلی کے اوپن تاروں کے جال ، تجاوزات کی بھر مار پر رد عمل
کراچی(این این آئی)ایشیاء کی سب سے بڑی مارکیٹ لانڈھی بابر مارکیٹ سیکورٹی اور فائر سیفٹی کے حوالے سے انتہائی خطر ناک حد تک پہنچ گئی ہے ۔ صارفین نے لانڈھی بابر مارکیٹ میں بجلی کے اوپن تاروں کے جال ، تجاوزات کی بھر مار پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر ہنگامی بنیادوں پر توجہ نہ دی گئی تو سانحہ گل پلازہ سے بڑا سانحہ لانڈھی بابر مارکیٹ میں ہو سکتا ہے ۔ کیونکہ فائر سیفٹی کا کوئی وجود نہیں ہے اور نہ ہی کبھی ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی ، اسسٹنٹ کمشنر لانڈھی ، ٹاؤن انتظامیہ کے متعلقہ ذمہ داران، ٹاؤن چیئرمین لانڈھی، لانڈھی پولیس ، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے زحمت کی اور نہ ہی اور کوئی ذمہ داری ادا کی۔ بابر مارکیٹ کے اندرونی بعض حصہ میں تجاوزات کی بھر مار کے سبب تنگ راستوں سے نکلنا کسی عذاب سے کم نہیں۔ رمضان المبارک میں بے پناہ رش کے دوران خواتین کے ساتھ غیر اخلاقی حرکات کی شکایات بھی عام ہیں۔ جبکہ اس صورتحال میں تصادم کے خدشات بھی ہمہ وقت ہیں۔ مارکیٹ میں آنے والے صارفین اور علاقہ مکینوں نے کہا کہ اگر خدانخواستہ کوئی سانحہ ہو گیا تو پھر ہر ادارہ ایک دوسرے پر الزام تراشی ، خود کو بری الزمہ کرنے میں مصروف ہو جائے گا اور حکومت الفاظوں کی منڈی سجاتے ہوئے کہتی نظر آئے گی کہ جب مارکیٹ بنی تھی ہماری حکومت نہیں تھی ، ہمارا میئر نہیں تھا۔