عارضی گل پلازہ مارکیٹ قائم،شہریوں کا غیرمعمولی رش
قیوم آباد کے ایک بینکیوٹ میں 140مختلف اشیاء کے اسٹالز لگائے گئے ہیںآن لائن کام کا رسپانس نہیں،فزیکل مارکیٹ سے امیدیں وابستہ ،متاثرہ دکاندار
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)گل پلازہ کے دکانداروں نے اپنی اپنی کاروباری اشیاء فروخت کے لیے پیش کردی ہیں جب کہ کراچی کے شہریوں نے بھی بڑی تعداد میں اس عارضی گل پلازہ مارکیٹ کا رخ کرلیا ہے ۔یہ مارکیٹ قیوم آباد اور ڈیفنس کے سنگم پر ایک بینکیوٹ میں لگائی گئی ہے اور اس کا اہتمام کراچی کی سطح پر کام کرنے والی نوجوانوں پر مشتمل ایک این جی او ’’ہمدرد ہاتھ‘‘نے کیا ہے ۔اس موقع پر 140 کے قریب گل پلازہ کے دکانداروں نے اپنی اشیاء کے اسٹال لگائے ہیں جس میں وال کلاک، کراکری، ہوم ڈیکوریشن، بیٹ شیٹ، بچوں کے کپڑوں اور کچن الیکٹرونک اپلائنسز سمیت بہت سی اشیاء کے اسٹال لگائے گئے ہیں۔اس موقع پر شہر کے مختلف علاقوں سے فیمیلز یہاں خریداری کے لیے آرہی ہیں۔ گلستان جوہر سے یہاں آئی ہوئی ایک خاتون نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کئی کلومیٹر دور سے صرف اس لیے آئی ہیں کہ اس عید پر گل پلازہ متاثرین کی مدد کرسکیں، ان سے تعاون کرسکیں اور اسی لیے وہ یہاں خریداری کررہی ہیں ۔اس موقع پر گل پلازہ کے متاثرہ دکانداروں نے کہا ہے کہ ہمارے گزرے ہوئے رمضان تو اب واپس نہیں آسکتے نہ ہی ہماری فزیکل شاپ موجود ہے ، ہم صرف آن لائن کام کررہے ہیں لیکن آن لائن کام کا اتنا رسپانس نہیں ہے جو گل پلازہ کی مارکیٹ کا تھا لیکن ہم نے ہمت نہیں ہاری ہے ۔