ایم کیو ایم کا افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کیلئے مظاہرہ

ایم کیو ایم کا افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کیلئے مظاہرہ

بہادرآباد پر رہنماؤں و کارکنان کی شرکت،دہشتگردی کے خلاف نعرے بازیفوج نے بھارتی پراکسیز ، انکے سہولت کاروں پر زمین تنگ کر دی ، شبیر قائمخانی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیرِ اہتمام افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کیلئے بہادرآباد چار مینار چورنگی پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مرکزی رہنماؤں، منتخب نمائندوں، کارکنان، ذمہ داران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرے میں مرکزی رہنما شبیر قائمخانی، مسعود محمود، حق پرست اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی صبحین غوری، افتخار عالم اور عامر صدیقی،فرح سہیل ،مسّرت جبین، دانیال احمد سمیت دیگر رہنما موجود تھے ۔ شرکاء نے پاکستان کی مسلح افواج کے حق میں نعرے لگائے اور دہشت گردی کے خلاف یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر شبیر قائمخانی نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے حالیہ دراندازی کے بعد پاک فوج نے بھارتی پراکسیز اور ان کے سہولت کاروں پر زمین تنگ کر دی ہے ۔ فتنہ الخوارج کے کارندوں کو دنیا میں کہیں بھی چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ رکن قومی اسمبلی صبحین غوری نے کہا کہ کراچی کے عوام افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور بوقتِ ضرورت دشمنانِ وطن کے خلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گے ۔حق پرست رکن صوبائی اسمبلی عامر صدیقی نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں کے تانے بانے افغانستان کے راستے بھارت سے جا ملتے ہیں، جنہیں ناکام بنانا قومی سلامتی کیلئے ناگزیر ہے ۔مظاہرے کے اختتام پر شرکاء نے ملکی سلامتی، امن و استحکام اور افواجِ پاکستان کی کامیابی کیلئے دعا بھی کی، اس موقع پر کارکنان و عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں