کئی سیاستدانوں نے اقتدار میں آکر عوام کی نہیں اپنی قسمت بدلی،گورنر

کئی  سیاستدانوں  نے اقتدار  میں  آکر  عوام  کی  نہیں  اپنی  قسمت  بدلی،گورنر

عوام کو ان عناصر سے ہوشیار رہنا ہوگا جو ذاتی مفادات کے لیے بھائی کو بھائی سے لڑاتے ہیں،کامران ٹیسوریحقیقی تبدیلی لانی ہے تو ووٹ دیتے وقت بھی سوچنااور نمائندوں سے کارکردگی کاحساب لینا ہوگا،تکمیلِ قرآن کی محفل

کراچی(این این آئی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے تکمیلِ قرآن کی بابرکت محفل میں شرکت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک فضیلتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے اور اسی ماہ کی 27ویں شب ہمیں کلمہ کے نام پر پاکستان عطا ہوا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عوام کو ان عناصر سے ہوشیار رہنا ہوگا جو ذاتی مفادات کے لیے بھائی کو بھائی سے لڑاتے ہیں۔کہ عوام اپنے پسندیدہ نمائندے کو ووٹ ضرور دیں لیکن ترقیاتی کاموں کے معاملے پر متحد ہوکر احتساب کریں۔ انہوں نے کہا کہ کئی سیاستدانوں نے اقتدار میں آکر اپنی قسمت بدلی لیکن عوام کی حالت نہیں بدلی۔ اگر حقیقی تبدیلی لانی ہے تو ووٹ دیتے وقت بھی سوچنا ہوگا اور بعد ازاں نمائندوں سے کارکردگی کا حساب بھی لینا ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ گورنر ہاؤس میں پچاس ہزار بچے مفت اے آئی کورس کر رہے ہیں جس کی مالیت نو لاکھ روپے فی طالب علم ہے اور یہ تمام پروگرام اپنی مدد آپ کے تحت جاری ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی نوجوان اس ہنر کے ذریعے لاکھوں روپے ماہانہ کما رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ روزانہ ہزاروں افراد گورنر ہاؤس میں افطار ڈنر میں شریک ہوتے ہیں اور سب کو وہی کھانا فراہم کیا جاتا ہے جو وہ خود کھاتے ہیں۔ راشن کی تقسیم، لیپ ٹاپ کی فراہمی، ری کنڈیشن موٹر بائیکس، بیرون ملک تعلیم میں معاونت اور مستحق بچیوں کی شادی میں تعاون جیسے اقدامات بھی جاری ہیں۔ گورنر ہاؤس کے گیٹ پر نصب امید کی گھنٹی کے ذریعے شہری اپنے مسائل کے حل کے لیے براہ راست رجوع کرسکتے ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ خوفِ خدا کے بغیر عوامی خدمت ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی ووٹ نہیں مانگا، جو کچھ بھی عوامی فلاح کے لیے کریے ہیں وہ اللہ تعالی کی خوشنودی کے لیے کررہے ہیں، ان کا کہنا تھا عزت دینے والی ذات اللہ تعالیٰ کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر قوم اور افواج اپنے سے پانچ گنا طاقتور دشمن کو شکست دے سکتی ہے تو ہم اپنے نوجوانوں کا مستقبل بھی سنوار سکتے ہیں۔ ملک کی ترقی کے لیے سچ اور محنت کو دو بنیادی ہتھیار قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حسد چھوڑ کر دوسروں کی کامیابی پر خوش ہونا چاہیے اور ہر حال میں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں