سکھر :کھلے عام کیمیکل ملے دودھ کی فروخت، انتظامیہ خاموش
بیراج روڈ، گھنٹہ گھر ، شالیمار، پرانا سکھر سمیت دیگر علاقوں میں فروخت ہو رہاشہریوں کی صحت کو سنگین خطرات لاحق، فوڈ اتھارٹی، حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ
سکھر (بیورو رپورٹ) محکمہ صحت و فوڈ کنٹرول اتھارٹی کی مجرمانہ و پر اسرار خاموشی کے باعث شہر سکھر میں کھلے عام کیمیکل ملے دود ھ کی فروخت جاری ہے ، جس کے باعث شہریوں کو صحت کے حوالے سے سنگین خطرات لاحق ہیں۔ شہر کے اہم رہائشی و کاروباری علاقوں بیراج روڈ، گھنٹہ گھر چوک، شالیمار، پرانا سکھر ،تھلہ، نواں گوٹھ، شکارپور پھاٹک، پاکولا چوک اور دیگر مقامات پر مضر صحت اور کیمیکل ملے دودھ کی کھلے عام فروخت ہو رہی ہے ، تاہم سکھر محکمہ صحت اور فوڈ کنٹرول اتھارٹی نے مبینہ طور پر چپ سادھ رکھی ہے۔
شہری و سماجی حلقوں نے اس حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دودھ نہ صرف شہریوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ بنا ہوا ہے ، بلکہ اس سے مختلف مہلک بیماریوں کا پھیلنا بھی ممکن ہو چکا ہے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے تھا یہ دودھ نہ صرف صحت کے لیے خطرناک ہے ، بلکہ یہ پوری کمیونٹی کو تباہی کے دہانے پر پہنچا رہا ہے ، گردے کی بیماریوں میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے ، جبکہ بچوں اور بزرگوں میں پیٹ کے درد اور معدے کے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سکھر کی فوڈ کنٹرول اتھارٹی سمیت دیگر بالا حکام اس کا نوٹس لیں اور فوری سخت کارروائی کریں۔ دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ اس دودھ کا استعمال گردوں کی بیماری، پیٹ کے درد، ہیضہ، اور دیگر معدے کی بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے ، جو شہریوں کی زندگیوں کے لیے سنگین نتائج پیدا کرتا ہے۔