سندھ حکومت 18سال سے وسائل پر قابض،منعم ظفر
اسکیم 33کی سوسائٹیز پر قبضہ مافیا کا راج، اصل مالکان اذیت میں مبتلا ہیںاجتماعی جدوجہدسے ہی اپنا حق حاصل اور مسائل حل کیے جا سکتے ،خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت 18 سال سے سندھ اور کراچی کے اداروں و وسائل پر قابض ہے۔ کراچی کے شہریوں کے حقوق پر ڈاکا ڈالا جارہا ہے ۔حکومتی سرپرستی میں گلزار ہجری اسکیم 33 میں بہت سی سوسائٹیز پر قبضہ مافیا کا راج ہے ، مسلح گروہوں کے ذریعے زمینوں پر قبضہ کیے جارہے ہیں، جعلی فائلیں بنادی جاتی ہیں۔ اصل مالکان اذیت میں مبتلا ہیں۔ اجتماعی جدوجہد اور حق و سچ کیلئے آواز بلند کرکے ہی اپنا حق حاصل اور مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔
پبلک ایڈ کمیٹی ضلع شرقی کے تحت کیپٹن گارڈن میں کوآپریٹیو سوسائٹیز پر قبضے ، جینے دو کراچی جلسہ عام و دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر نے کہا کہ جماعت اسلامی نے بحریہ ٹاؤن کے متاثرین کے ساتھ مل کر مسئلہ حل کروایا اور اربوںکی رقم واپس دلوائی ہے ۔ کراچی سندھ کے بجٹ کا95 فیصد حصہ فراہم کرتا ہے ۔ قومی معیشت میں 42 فیصد انکم ٹیکس ادا کرتا ہے لیکن اسے اس کا حق نہیں دیا جاتا۔انہوں نے مزید کہا کہ رمضان تقویٰ کے حصول کا اور حق و باطل کے درمیان فرق کرنے والا مہینہ بھی ہے ۔ضروری ہے کہ اس ماہ ِ مبارک میں ذاتی تذکیے کے ساتھ معاشرے میں ایسا نظام قائم کرنے کی جدو جہد کی جائے جس میں انسانوں کو انسانوں کی بندگی سے نکال کر اللہ کی بندگی کی طرف لایا جائے۔