19 ویں سندھ گیمز 16 تا 19 اپریل سکھر میں کرانے کا فیصلہ
سکھر (بیورو رپورٹ) سندھ حکومت نے 19 ویں سندھ گیمز 16 تا 19 اپریل سکھر میں منعقد کرانے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔
وزیر کھیل و امور نوجوانان سردار محمد بخش مہر کی زیر صدارت اجلاس میں 19 ویں سندھ گیمز 16 سے 19 اپریل تک سکھر میں منعقد کرانے کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں سکھر میں سندھ گیمز کے انعقاد اور تھر جیپ ریلی کے انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر نے بتایا سندھ گیمز میں 40 سے زائد کھیل شامل ہوں گے، جن میں صوبے بھر سے گرلز اور بوائز کھلاڑی حصہ لیں گے۔ وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے کہا عید کے فوری بعد ڈویژنل سطح پر سندھ گیمز کے ٹرائلز 24 تا 29 مارچ منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام مقابلے شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر منعقد کیے جائیں تاکہ صوبے کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ حکومت نیشنل گیمز کی طرح سندھ گیمز کو بھی کامیاب بنائے گی۔