ٹریفک حادثے میں دو بھائی جاں بحق، پی ٹی آئی کا اظہار افسوس
واقعہ ہیوی ٹریفک کے بے قابو نظام اورسندھ حکومت کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ٹرانسپورٹ مافیا کیخلاف کارروائی ،بغیر فٹنس گاڑیوں کو ہٹایاجائے ،حلیم عادل
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کریم آباد پل کے قریب ٹریفک حادثے میں دو سگے بھائیوں تابش اور عاطف کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ کراچی میں ہیوی ٹریفک کے بے قابو نظام اور سندھ حکومت کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے ۔ عید کی خوشیوں سے قبل ایک ہی گھر میں ماتم برپا ہونا انتہائی دلخراش سانحہ ہے ۔ ہیوی ٹریفک کے بے قابو نظام نے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دی ہیں۔ ان کے مطابق صرف ماہ رمضان کے دوران ڈمپرز اور ٹرالرز کے حادثات میں 15 شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ گزشتہ تین ماہ کے دوران 42 سے زائد شہری ہیوی گاڑیوں کی زد میں آ کر ہلاک ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سال 2026 میں اب تک ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 94 افراد جاں بحق اور 1025 سے زائد شہری زخمی ہو چکے ہیں۔ پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے کہا کہ سندھ حکومت اور متعلقہ ادارے کراچی میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے میں ناکام ہو چکے ہیں اور ٹرانسپورٹ مافیا کو کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہیوی ٹریفک کے لیے سخت اوقات کار مقرر کیے جائیں، ٹرانسپورٹ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور غیر رجسٹرڈ یا فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑیوں کو فوری طور پر سڑکوں سے ہٹایا جائے ۔