ہیوی ٹریفک کی تباہ کاریاں جاری، ماں سے 2 لخت جگر چھین لیے

ہیوی ٹریفک کی تباہ کاریاں جاری، ماں سے 2 لخت جگر چھین لیے

عائشہ منزل سے کریم آباد کی جانب آتے ہوئے ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار سگے بھائی جاں بحق،ڈرائیورفراربچے ٹیلر سے عید کے کپڑے لینے جا رہے تھے ،میت آبائی علاقے لے جانے کے مالی وسائل نہیں ،والد کی گفتگو

کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) کریم آباد فرنیچر مارکیٹ کے قریب ٹریلر کی ٹکر سے دو سگے بھائی جاں بحق ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق عزیز آباد کے علاقے عائشہ منزل سے کریم آباد کی جانب آتے ہوئے فرنیچر مارکیٹ کے قریب ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ایک شخص جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔جاں بحق و زخمی ہونے والے افراد کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ زخمی ہونے والا نوجوان بھی عباسی شہید اسپتال میں دوان علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 22 سالہ عاطف ولد محمود اور 20 سالہ تابش ولد محمود کے ناموں سے کی گئی۔

جاں بحق ہونے والے فیڈرل بی ایریا بلاک 16 امراض قلب اسپتال کے قریب کے رہائشی اور فرج ایئر کنڈیشن کا کام سیکھ رہے تھے ۔واقعے کے وقت ٹیلر سے عید کے کپڑے لینے جا رہے تھے جبکہ جاں بحق ہونے والے دونوں بھائی ہیں۔ پولیس کے مطابق حادثے کا ذمے دار ٹریلر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔دونوں جاں بحق بھائیوں کے والد نے بتایا کہ میں سرکاری کالج میں گریڈ ٹو کا ملازم ہوں، بچے شاپنگ پر گئے تھے ۔ حادثہ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے ۔ بچوں کی میت آبائی علاقے لیکر جانا چاہتے ہیں لیکن مالی وسائل نہیں ہیں۔ پیسوں کا انتظام کرکے تدفین کریں گے اور تدفین کے بعد حادثہ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں گے ، میرے چار بیٹے اور ایک بیٹی ہے ۔

جاں بحق دو بھائیوں کی والدہ نے روتے ہوئے کہا کہ ڈمپر والوں نے میرے دو لخت جگر چھین لیے ، میرے بچے اسکول میں پڑھتے تھے اور تین سال سے اے سی فریج کا کام سیکھ رہے تھے ۔ روزانہ 200 روپے کماتے تھے ، عید کے کپڑے لینے ٹیلر کے پاس گئے تھے ۔ حادثہ کے وقت اس کی چیب میں ٹیلر کی پرچی تھی۔والدہ نے بتایا کہ حادثہ کی اطلاع ٹیلر کو سب سے پہلے ملی جس نے ہمیں اطلاع کی، میرے بچوں کو اس طرح ڈمپر والوں نے کچل دیا کہ ان کی بوٹی بوٹی ہوگئی۔ میں نے سلائی کرکے اپنے بچوں کو پالا، پڑھایا اور جوان کیا۔ ہمارا سب برباد ہوگیا۔ ماؤں سے ان کے بچے حادثات میں جدا ہو رہے ہیں، مجھے انصاف چاہیے ۔رات کو ٹریفک بھی سڑکوں پر نہیں ہوتا پھر میرے بچوں کے ساتھ حادثہ کیسے ہوا؟ اس کی تحقیقات کریں، میرے بچے شریف اور معصوم ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں