صوبائی سیکریٹریز کو کفایت شعاری اقدامات کی ہدایت

صوبائی سیکریٹریز کو کفایت شعاری اقدامات کی ہدایت

تمام غیر ضروری سرکاری گاڑیاں فوری گراؤنڈ کر دی جائیں ،چیف سیکریٹریمحکموں میں کار پولنگ کو فروغ دیا جائے ،آصٖف حیدر شاہ کی زیر صدارت اجلاس

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سندھ کابینہ کی جانب سے منظور کیے گئے جامع کفایت شعاری اور پٹرول بچاؤ منصوبے پر عمل درآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری نے ہدایت دی کہ سرکاری گاڑیوں کے پیٹرول کوٹے میں آئندہ دو ماہ کے لیے پچاس فیصد کمی کی جائے جبکہ تمام غیر ضروری سرکاری گاڑیاں فوری طور پر گراؤنڈ کر دی جائیں اور محکموں میں کار پولنگ کو فروغ دیا جائے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ سندھ حکومت نے سرکاری سطح پر کفایت شعاری اقدامات کے تحت نئی سرکاری گاڑیوں اور دیگر قیمتی اشیا کی خریداری پر جون 2026 تک مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری دفاتر میں پچاس فیصد عملہ متبادل دنوں میں ورک فرام ہوم کے تحت کام کرے گا تاکہ سفر اور ایندھن کے اخراجات میں کمی لائی جا سکے ۔ متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے اداروں میں اس پالیسی کے موثر نفاذ کو یقینی بنائیں۔ مزید برآں کفایت شعاری کے اقدامات کے تحت اعلی سرکاری افسران بیس گریڈ اور اس سے اوپر یا تین لاکھ روپے سے زائد ماہانہ تنخواہ حاصل کرنے والے افسران رضاکارانہ طور پر دو دن کی تنخواہ چھوڑیں گے جبکہ صوبائی وزرا اور مشیروں نے بھی رضاکارانہ طور پر تنخواہ اور مراعات ترک کرنے کی پیشکش کی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں