حیدرآباد:ڈی ایس پی (ر) گرفتار، مین پوری کی بڑی کھیپ برآمد
قاسم آباد پولیس نے سحرش نگر پھاٹک کے قریب کارروائی کی، کار تحویل میں لے لیمین پوری اندرون سندھ سپلائی کی جا رہی تھی، ذوالفقار ، ثنا اللہ کیخلاف مقدمہ درج
حیدر آباد (بیورو رپورٹ) قاسم آباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ریٹائرڈ ڈی ایس پی کو اس کے ساتھی سپلائر سمیت گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ایس ایچ او قاسم آباد انسپکٹر اسلم ابڑو کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ خام مال مین پوری کی ایک بڑی کھیپ براستہ حیدرآباد اندرون سندھ سپلائی کیلئے منتقل کی جا رہی ہے ۔ اطلاع ملنے پر قاسم آباد پولیس نے فوری ناکہ بندی کرتے ہوئے کارروائی کی۔ کارروائی سحرش نگر ریلوے پھاٹک کے قریب عمل میں لائی گئی جہاں اطلاع میں بتائی گئی سلور رنگ کی بغیر نمبر پلیٹ کار کو روک کر تلاشی لی گئی۔ دوران تلاشی کار میں سوار دو ملزموں بنام ذوالفقار علی مری اور ثنا اﷲ پٹھان کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزم ذوالفقار علی مری نے خود کو سندھ پولیس کا ریٹائرڈ ڈی ایس پی ظاہر کیا۔ پولیس نے گاڑی کی تلاشی کے دوران 35 کٹے خام مال مین پوری برآمد کیے جن کا مجموعی وزن تقریباً 385 کلوگرام ہے ، جبکہ مزید 2 کٹوں سے 200 عدد تیار شدہ مین پوری بھی برآمد کی گئی۔ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزموں نے انکشاف کیا کہ وہ پیشہ ورانہ طور پر خام مال کی سپلائی کا کام کرتے ہیں اور مذکورہ مواد اندرون سندھ مختلف مقامات پر پہنچایا جاتا ہے ۔قاسم آباد پولیس نے گرفتار ملزموں کے خلاف گٹکا و مین پوری ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔