چوری شدہ گاڑی کی ریکوری کے بعد ریکارڈ کی عدم درستگی غیر قانونی قرار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی محتسب سندھ سہیل راجپوت نے مفاد عامہ میں تاریخی فیصلہ دیتے ہوئے چوری شدہ گاڑیوں کی ریکوری کے بعد سی پی ایل سی آن لائن و ٹیلیفونک تصدیق میں ریکارڈ کی عدم درستگی کو قانون کے منافی اور۔۔
فروخت کنندہ کا نقصان قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ گاڑی کی تصدیق سے متعلق دونوں طریق کار میں یکسانیت نہ ہونے کے سبب گاڑی کی فروخت کے وقت قیمت کم لگائی جاتی ہے جو فروخت کنندہ کیلئے نقصان کے ساتھ ذہنی اذیت کا باعث بھی بنتا ہے جبک یہ سارا عمل گاڑی کی قانونی حیثیت کو بھی مشکوک بناتا ہے ۔ ا نہوں نے مزید کہا کہ چوری شدہ گاڑی کی ریکوری اور تمام قانونی تقاضوں کی تکمیل کے بعد سی پی ایل سی کو تمام تصدیقی عمل میں گاڑی کو کلیئر ظاہر کرنا چاہیے اور لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پی ایل ڈی 2026 لاہور 84 اور مروجہ عالمی طرز عمل کے مطابق اپنی ایس او پیز پر نظر ثانی کرے ۔ صوبائی محتسب نے سی پی ایل سی کو ہدایت دیں کہ وہ 45 دن میں احکامات پر عملدرآمد رپورٹ پیش کرے ۔ یہ فیصلہ انہوں نے شکایت کنندہ علی لاشاری کی جانب سے صوبائی محتسب سندھ دفتر میں دائر درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کیا۔