عید الفطر کی آمد پر پیشہ ور بھکاریوں کی یلغار ،کمشنر کا نوٹس، 144گرفتار
30 گداگروں کیخلاف مقدمات درج،83گراں فروشوں پرچار لاکھ 96 ہزار روپے جرمانہ عائد
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کمشنر سید حسن نقوی نے عید الفطر کی آمد کے موقع پر شہر میں پیشہ ور بھکاریوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کا نوٹس لیا ہے اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ بازاروں، چوراہوں اور شاپنگ سینٹرز میں پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف مہم کو جاری رکھیں۔ کمشنر کی ہدایت پر جاری مہم میں گزشتہ دس روز میں 144 پیشہ ور بھکاریوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 30 بھکاریوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ۔ ضلع وسطی میں 18 بھکاری گرفتار کیے گئے ، 6کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ۔ضلع شرقی میں 32 گداگر گرفتار کئے گئے ،دو کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی، کیماڑی میں دس گداگر گرفتار کئے گئے ۔ کورنگی ضلع میں 14 گداگر گرفتار کیے گئے ۔ ملیر ضلع میں 24 گداگر گرفتار کیے گئے ، 17 کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔ ضلع جنوبی میں 45 گداگر گرفتار کئے گئے ، 5 کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی اور ضلع غربی میں ایک گداگر گرفتار کیا گیا ۔دریں اثنا کمشنر آفس نے پرائس کنٹرول مہم کی رپورٹ بھی جاری کی جس کے مطابق 22 ویں رمضان کو 83 گراں فروشوں کے خلاف کارروائی میں چار لاکھ 96 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔