اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی حکومت کا مشن ،وزیر بلدیات
ڈپٹی میئرز اور وائس چیئرمینز کو بااختیار بنایا جائے گا، قوانین میں ترامیم پر غور ہر جماعت میں میرٹ اور دیانت داری کو ترجیح دی جانی چاہیے ،ناصر حسین شاہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا وژن اور حکومت کا مشن ہے ،منتخب بلدیاتی نمائندوں کو مکمل بااختیار بنائے بغیر عوام کو ان کی دہلیز تک ریلیف پہنچانا ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیاتی قوانین میں ترمیم کے حوالے سے قائم کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس کے دوران بلدیاتی قوانین میں مجوزہ ترامیم کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ ڈپٹی میئرز اور وائس چیئرمینز کو مکمل اختیارات دے کر بااختیار بنایا جائے گا تاکہ بلدیاتی نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے جبکہ نئی بلدیاتی ترامیم کے ذریعے عوام کیلئے مثبت اور خوشگوار تبدیلی لائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کمیٹی کے رکن ایم پی اے قاسم سراج سومرو اور سیکریٹری بلدیات نے اجلاس میں مختلف تجاویز پیش کیں جن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات کے بعد نئے ارکان کی حلف برداری تک موجودہ نظام برقرار رکھنے کی تجویز بھی زیر غور ہے ۔ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ میئرز و چیئرمینز کی عدم موجودگی میں ڈپٹی میئرز اور وائس چیئرمینز کے اختیارات میں اضافے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر جماعت میں میرٹ اور دیانت داری کو ترجیح دی جانی چاہیے تاکہ عوام کا اعتماد برقرار رکھا جا سکے ۔