پیپلز پارٹی کی سرشت میں کراچی سے دشمنی ہے ،لیاقت بلوچ
بلاول کا لاڈلہ میئر شہر کیلئے عذاب، سٹی کونسل کو آزاد نمائندہ منتخب کرنے دیا جائے عوام پانی،بجلی سمیت بنیادی ضرورت سے محروم ہیں،نائب امیر جماعت اسلامی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سرشت میں کراچی سے دوستی نہیں دشمنی ہے ،وقت نے ثابت کیا ہے کہ بلاول بھٹو کا اپنا لاڈلہ میئر لانا کراچی کیلئے عذاب بن گیا ۔ بلاول بھٹو زرداری ضد کو چھوڑیں، غلطی کو تسلیم کریں اور آزادانہ طریقے سے کراچی سٹی کونسل کو اپنا حقیقی نمائندہ میئر بنانے دیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع ایئر پورٹ کے تحت علاقہ جامعہ ملیہ یوسی 7ملیر میں دعوت افطا ر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کے عوام کو پانی،بجلی سمیت بنیادی ضرورت سے محروم کردیا ہے ۔مسلم ممالک میں امریکی اڈے مسلمانوں کی حفاظت کے لیے نہیں ہیں، ہمارا موقف ہے کہ عالم اسلام اپنی سرزمین سے امریکی اڈے ختم کرے اور سب مل کر ایران کے ساتھ کھڑے ہوں ۔ امریکہ و اسرائیل اگر ایران میں کامیاب ہوتے ہیں تو یہ خطرات ہماری سرحد تک پہنچ جائیں گے ۔ افغانستان اور پاکستان کی کشیدگی دونوں ملکوں کیلئے دردناک ہے ۔ افغانستان کو سمجھنا چاہیے کہ اسرائیل و انڈیا اس کے دوست نہیں بن سکتے ۔ طالبان حکومت مذاکرات کرنا چاہتی ہے تو حکومت طالبان کے ساتھ مذاکرات کرے ۔پاکستان کے عوام کا حق ہے کہ انہیں انصاف دیا جائے ۔ ملک میں آئین کی بالا دستی اور جمہور کی رائے کو تسلیم کیا جائے ، قرآن و سنت کا نظام نافذ کیا جائے ۔